Riyazur Rahman Akrami Nadwi Article - Part 15
"دوبارہ جئیں گے یہ دیوار ودر"
سلطانی محلہ کی تاریخ میں حاجی محی الدین بن علی رکن الدین ایک نہایت ممتاز اور باوقار شخصیت کے طور پر جانے جاتے ہیں۔ آپ اپنے عہد کے بڑے اور نامور تاجروں میں شمار ہوتے تھے اور کالیکٹ میں آپ کی تجارت نہایت وسیع اور مستحکم تھی۔ اس کے ساتھ آپ ایک سرکاری عہدے پر بھی فائز رہے، جس سے آپ کی دیانت، اہلیت اور سماجی وقار کا اندازہ ہوتا ہے۔
روحانی اعتبار سے آپ شیخِ وقت حضرت شیخ محمد جعفری حضرمی سے قریبی مراسم رکھتے تھے اور ان کی صحبت سے فیض یاب ہوئے۔ کہا جاتا ہے کہ آپ نے متعدد مرتبہ حج بیت اللہ کی سعادت حاصل کی، جو آپ کے گہرے دینی ذوق اور تقویٰ کی روشن دلیل ہے ،یوں آپ کی پوری زندگی تجارت، خدمت، روحانیت اور عبادت کا حسین امتزاج بن کر تاریخ میں محفوظ ہو گئی۔
اسی طرح بھٹکل کے سلطانی محلہ میں واقع حاجی محی الدین ہاؤس شہر کے تاریخی و ثقافتی ورثے کی ایک نمایاں علامت ہے۔ یہ گھر اپنی طرزِ تعمیر اور تاریخی اہمیت کے باعث بھٹکل کے قدیم ترین گھروں میں شمار ہوتا ہے۔ اس تاریخی گھر کی تعمیر ٹیپو سلطان شہید کے دورِ حکومت میں رکن الدین حاجی محی الدین بن علی صاحب نے کروائی تھی۔ اپنے وقت میں یہ گھر نائطی زبان میں “حاجین صائبارے” کے نام سے معروف تھا اور مقامی سماج میں اسے عزت و وقار کی علامت سمجھا جاتا تھا۔

زمانۂ قدیم میں اس وسیع و عریض گھر میں آٹھ خاندان نہایت محبت، اتفاق اور باہمی تعاون کے ساتھ سکونت پذیر تھے۔ گھر میں کل نو کشادہ بیڈروم ہیں۔ نچلی منزل عام تعمیرات کی مانند ہے، مگر بالائی حصے کی کمانی دار دیواریں اس کی خاص شناخت ہیں، جو فنِ تعمیر کی نایاب جھلک پیش کرتی ہیں۔
وقت کے ساتھ یہ عظیم الشان عمارت بھی تغیرِ زمانہ کی نذر ہوگئی اور اب طویل عرصے سے مقفل ہے۔ تاہم، اس کی دیواریں آج بھی اپنے اندر عہدِ رفتہ کی داستانیں سموئے ہوئے ہیں، جو بھٹکل کی تہذیبی عظمت اور فنِ تعمیر کی شان و شوکت کی گواہی دیتی ہیں۔
یہ گھر نہ صرف ایک رہائشی عمارت بلکہ ایک تاریخی ورثہ ہے جس کے تحفظ اور بحالی کی ضرورت آج پہلے سے کہیں زیادہ محسوس کی جارہی ہے۔بھٹکل کی یہ بابرکت جگہ کئی عظیم شخصیات کی ابتدائی تربیت گاہ رہی ہے، جہاں انہوں نے اپنے بچپن کے سنہرے دن گزارے۔ نمایاں ناموں میں جناب انجینئر سید ابراہیم ابن سید محمد کریکال(سابق پروفیسر انجمن انجنئیرنگ کالج بھٹکل ) مولانا عبدالعظیم ابن سید محمد کریکال (سابق استاد جامعہ اسلامیہ بھٹکل)
مولانا فیصل احمد ابن محمد میراں ارمار (استاد دارالعلوم ندوۃ العلماء لکھنو) مولانا وصی اللہ ابن عبدالحلیم دامدافقیہ ندوی ( استاد جامعہ اسلامیہ بھٹکل)جناب اقبال قاضیا کے فرزندان جناب سلیم قاضیا ، جناب شمیم قاضیا،جناب شعیب قاضیا، جناب فہیم قاضیا ، جناب عاصم قاضیا اس کے علاوہ محمد میراں رکن الدین ، محمد الیاس رکن الدین، انصار رکن الدین ، سلیم رکن الدین ، الطاف رکن الدین ، اعجاز رکن الدین وغیرہ شامل ہیں، جبکہ اس کے علاوہ بھی کئی اہم شخصیات یہاں سے وابستہ رہی ہیں جن کے نام مکمل طور پر سامنے نہ آ سکے۔
(ضروری وضاحت: اس مضمون میں درج تمام خیالات مضمون نگار کی ذاتی تحقیق و جستجو پر مبنی ہیں۔ اس سے ادارے کا متفق ہونا ضروری نہیں۔ ادارہ بھٹکلیس)