یلاپور میں سرکاری بس کنڈکٹر بھی کورونا سے متاثر: ضلع اترکینرا میں آج کورونا کے چھ نئے معاملات

04:33PM Mon 22 Jun, 2020

کاروار: 22 جون، 20 (بھٹکلیس نیوز بیورو) ضلع اتر کینرا میں آج سرکاری بس کے ایک کنڈکٹر سمیت جملہ چھ لوگوں کی رپورٹ کورونا پوزیٹیو موصول ہوئی ہے۔ اطلاع کے مطابق جس بس کنڈکٹر کی رپورٹ کورونا پوزیٹیو موصول ہوئی ہے وہ 11جون کو یلاپور سے بنگلورو کے لئے جاکر 13جون کو واپس لوٹنے والی سرکاری بس پر ڈیوٹی انجام دے رہا تھا۔ اس بس کا نمبر KA 31 F 1577 بتایا گیا ہے ۔ سرکاری بس کنڈکٹر کی کورونا رپورٹ پوزیٹیو آنے کے بعد تعلقہ انتظامیہ کی طرف سے اس تاریخ کے درمیان مذکورہ بس پر سوار ہونے والوں کو ضلع انتظامیہ یا سرکاری اسپتال سے رابطہ کرنے کی گزارش کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ آج ضلع اتر کینرا میں جن کی رپورٹ مثبت آئی ہے ان میں بھٹکل کا ایک 75 سالہ شخص، یلاپور کا 13 سالہ لڑکا، سداپور کا 50 سالہ شخص، جوئیڈا کی 19 سالہ لڑکی  اور  ہوناور کی ایک 60 سالہ خاتون شامل ہے۔ بتایا گیا ہے کہ یہ پانچوں لوگ مہاراشٹرا سے لوٹے تھے۔ اس طرح ضلع میں اب تک جملہ متاثرین کی تعداد 144ہوگئی ہے جن میں سے 38 مریض زیر علاج ہیں جبکہ بقیہ تمام افراد صحت یاب ہوکر گھر لوٹ چکے ہیں۔