این ڈی ٹی وی انڈیا پر لگی پابندی کو زی میڈیا کے مالک سبھاش چندرا نے صحیح ٹھہرایا
01:51PM Mon 7 Nov, 2016
نئی دہلی۔(یف او یس ) این ڈی ٹی وی انڈیا کی نشریات پر 24گھنٹے کی پابندی لگنے کا معاملہ طول پکڑتا جا رہا ہے۔اب راجیہ سبھا ایم پی اور زی میڈیا گروپ کے سربراہ سبھاش چندرا نے چینل پر لگی پابندی کو درست قرار دیا ہے۔سبھاش چندرا نے ایک کے بعد ایک ٹوئٹ کرکے اطلاعات و نشریات کی وزارت کی طرف سے این ڈی ٹی وی انڈیا پر لگائی گئی 24گھنٹے کی پابندی کو درست ٹھہرایا۔سبھاش چندرا یہیں نہیں رکنے ، بلکہ انہوں نے ٹوئٹ کرتے ہوئے یہاں تک کہہ دیا کہ این ڈی ٹی وی انڈیا پر ایک دن کی پابندی ناانصافی ہے، یہ سزا بہت کم ہے۔ملک کی سلامتی سے کھلواڑ کے لیے ان پر تاحیات پابندی لگانی چاہیے تھی ۔میرا تو یہ بھی ماننا ہے کہ اگر این ڈی ٹی وی انڈیا عدالت بھی جائے گا تو اسے وہاں سے بھی ڈانٹ ہی ملے گی۔سبھاش چندرا نے کہا کہ یو پی اے دور حکومت میں زی میڈیا پر پابندی کی بات چلی تھی، تب این ڈی ٹی وی اور باقی نام نہاد دانشوروں نے خاموشی اختیار کررکھی تھی ، ایڈیٹرس گلڈ بھی خاموش تھا، لیکن آج غلط کو غلط کہنے پر کچھ لوگ ایمرجنسی کہہ رہے ہیں۔کیا ملک کی سلامتی کی کوئی بھی اہمیت نہیں ہے ؟۔انہوں نے کہا کہ ملک کی سلامتی میں دو رائے نہیں ہو سکتے۔حکومت کی طرف سے این ڈی ٹی وی انڈیا پر ایک دن کی پابندی کو میں بالکل درست مانتا ہوں۔قابل ذکرہے کہ این ڈی ٹی وی انڈیاکو 8-9؍نومبر کی نصف شب سے 9-10نومبر کی آدھی رات تک اپنی نشریات پر روک لگانے کی ہدایت دی گئی ہے۔این ڈی ٹی وی نے فیصلہ پر حیرانی کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ چینل کی کوریج بالکل متوازن تھی۔اس معاملے میں ایک بین وزارتی پینل نے یہ پایا کہ چینل نے جنوری میں پنجاب میں ہوئے دہشت گردانہ حملے کی کوریج کے دوران نشریات کے قوانین کی خلاف ورزی کی ہے۔کمیٹی کی رپورٹ کے مطابق، چینل نے فوجی اڈے کی کچھ حساس معلومات کو نشرکیا تھا ۔وہیں این ڈی ٹی وی انڈیا کے بعد حکومت نے ایک اعلی سطحی کمیٹی کی سفارشات کے بعد ’نیوز ٹائم آسام‘چینل کو ایک دن کے لیے اور ’کیئر ورلڈ چینل ‘کو 7دن کے لیے بند رکھنے کا حکم دیا ہے ۔