مسلمان متحد ہو کر ترقی کی طرف توجہ دیں: سلطانہ بیگم

03:50PM Tue 29 Aug, 2017

بنگلور:(بھٹکلیس نیوز)جنتادل پارٹی نے پارٹی کے عہدیداروں کی فہرست جاری کی ہے جس میں محترمہ سلطانہ بیگم کو پارٹی کا نائب صدر بنایا گیا ہے اس موقع پر محترمہ سلطانہ بیگم نے بتایا کہ سیاست میں تبدیلیاں آیا کرتی ہیں کبھی لوگ پارٹیاں بدلتے ہیں کبھی پارٹیاں ایک دوسرے کی حمایت اور ایک دوسرے کی مخالفت کرتی ہیں انہوں نے بتایا کہ آج لگتا ہے کہ کانگریس کمزور ہورہی ہیں اور علاقائی پارٹیوں کو مضبوط ہونے کی ضرورت ہے کرناٹک میں جنتادل مضبوط پوزیشن میں ہے ۔محترمہ بیگم نے بتایا کہ جہاں تک مسلمانوں کی ترقی اور مسائل کو حل کرنے کے معاملہ میں کوئی بھی پارٹی سنجیدہ نہیں ہے۔ مسلمانوں کو خود آگے بڑھ کراپنی ترقی کی طرف توجہ دینا ہے چھوٹے چھوٹے مسائل میں الجھے بغیر متحدہ طور پر آگے بڑھنے کی کوشش کرنی ہے۔اسمبلی اور پارلیمنٹ میں ہماری نمائندگی گھٹ کر رہ گئی ہے اگر اس معاملہ پر ہم متحد ہوکر غور وفکر نہیں کریں گے۔ تو ممکن ہے جو نمائندگی موجود ہے وہ بھی ختم ہوکر رہ جائے گی ۔ محترمہ سلطانہ بیگم نے بابا رام رحیم والے معاملہ پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ اس نام نہاد بابا نے عورتوں کا استحصال کیا ہے ۔ ہماری عورتوں کو بھی چاہئے کہ وہ کسی بھی بابا کے جھانسہ میں آکر وہاں پھنسنے کی کوشش نہ کریں اس طرح کے نام نہاد باباؤں سے ہوشیار رہیں۔