کچھ منتخب لوگوں کے لئے کام کر رہے ہیں وزیر اعظم
03:09PM Tue 22 Nov, 2016
بینک اوراے ٹی ایم کے باہرقطارمیں پریشان حال کھڑے لوگوں سے ملنے کے بعد راہل گاندھی کا حملہ
نئی دہلی، )ایف او یس)
نوٹ بندی کے معاملے پر وزیر اعظم نریندر مودی پر نشانہ لگاتے ہوئے کانگریس نائب صدر راہل گاندھی نے آج الزام لگایا کہ وزیر اعظم کچھ منتخب لوگوں کے لئے کام کر رہے ہیں اور انہیں غریب عام آدمی کی کوئی فکر نہیں ہے جو بینکوں اور اے ٹی ایم کے باہر قطار میں کھڑا ہے۔راہل نے پارلیمنٹ کی عمارت کے احاطے میں نامہ نگاروں سے کہا کہ میں صبح خود حالات دیکھنے کے لئے بینکوں تک گیا تھا،وہاں لوگوں نے مجھے بتایا کہ انہیں بہت تکلیف ہو رہی ہے۔نوٹ بندی کے معاملے پر اپوزیشن جماعتوں کی مخالفت کے سبب آج دونوں ایوانوں کی کارروائی کئی بار ملتوی کرنی پڑی ۔راہل نے کہا کہ لوگ الزام لگا رہے ہیں کہ چند منتخب لوگوں کے لئے بینکوں میں پچھلے دروازوں سے نقد نکالی جا رہی ہے جبکہ عام آدمی گھنٹوں تک طویل قطاروں میں کھڑا ہے۔انہوں نے کہا کہ لوگوں نے کہا کہ وہ قطار میں کھڑے ہیں اور سودا ہو رہا ہے اور پچھلے دروازوں سے نقد رقم نکالی جا رہی ہے،کچھ منتخب لوگوں کو نقد رقم دی جا رہی ہے،امیروں کو نقد رقم مل رہی ہے اور غریبوں کو قطار میں کھڑا کیا جا رہا ہے۔راہل کے مطابق لوگ تین دن تک قطار میں کھڑے رہیں گے اور پھر بغیر نقد کے چلے جائیں گے۔راہل نے آج صبح شہر کے کئی اے ٹی ایم کا دورہ کیا اور لوگوں سے ان کی پریشانیوں کے بارے میں پوچھا۔جب پوچھا گیا کہ اپوزیشن بحث کے لئے تیار کیوں نہیں ہے؟ اس پر انہوں نے کہا کہ ہم بحث کرنے کے لئے تیار ہیں۔پارلیمنٹ میں وزیر اعظم کے موجود نہیں رہنے کے سوال پر راہل نے کہا کہ وزیر اعظم کو پارلیمنٹ آنے کی کیا ضرورت ہے؟ ان دنوں وہ مختلف سطح پر ہیں،نہ تو وہ اپنے وزراء سے بات چیت کرتے ہیں اور نہ ہی کسی دوسرے سے بات کرتے ہیں،جو انہیں لگتا ہے خود سے فیصلہ کر لیتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ملک کی تاریخ میں اتنا بڑا اقتصادی فیصلہ لیا گیا اور انہوں نے تین چار لوگوں سے بات کرنے کے بعد یہ کیا،کوئی منصوبہ نہیں تھا،کسانوں، غریبوں کا کیا ہوگا،کیرالہ اور بنگال میں مچھلی پالن کاروبار کا کیا ہوگا۔انہوں نے ان لوگوں کے بارے میں نہیں سوچا۔مودی پر حملہ بولتے ہوئے کانگریس نائب صدر نے کہا کہ ان دنوں وہ نئے طور پر ہیں،آپ انہیں سپر پی ایم بھی نہیں بول سکتے،ان کی وضاحت کرنے کے لئے سوچنا ہوگا،ان کی وضاحت کرنے کے لئے کوئی نیا لفظ گڑھنا ہوگا۔راہل نے کل کانپور کے پاس ہوئے ٹرین حادثے میں لوگوں کی موت پر غم بھی ظاہر کیا اور کہا کہ وزیر اعظم کو بلیٹ ٹرین لانے کے بجائے ٹرینوں میں عام عوام کے لئے سہولت اور سیکورٹی بڑھانے پر پہلے توجہ دینی چاہئے۔انہوں نے کہاانڈین ریلوے کے ڈھانچے کو درست کرنے کی ضرورت ہے۔مودی جی نے ایک لاکھ کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کے ساتھ بلٹ ٹرین کی بات کی،غلط جگہ توجہ ہے،توجہ اس بات پر ہونی چاہئے کہ عام عوام کے لئے ٹرینوں میں سفر کرنا کس طرح محفوظ ہو۔