بھٹکل میں کورونا کے بڑھتے معاملات کے بعد جماعت المسلمین کی طرف سے شادی کی تقریبات کو اگلے مہینے تک ملتوی کرنے کی اپیل

09:39AM Thu 2 Jul, 2020

بھٹکل: 2 جولائی 20 (بھٹکلیس نیوز بیورو) بھٹکل میں روز بروز بڑھ رہے کورونا معاملات اور صحت کی حفاظت کے پیش نظر جماعت المسلمین بھٹکل کی جانب سے اس مہینے میں شادی کی تقریبات کو منسوخ کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔ امام و خطیب جامع مسجد بھٹکل مولانا عبدالعلیم خطیب ندوی نے اس سلسلہ میں اخباری نمائندوں کو بتایا کہ بھٹکل میں آئے دن کورونا کے نئے معاملات سامنے آرہے ہیں جس کی وجہ سے جماعت المسلمین کی طرف سے طے کیا گیا ہے کہ اس مہینے میں کسی کو نکاح کی اجازت نہیں دی جائے گی اور اگلے مہینے کے لیے بھی پہلے سے ہی رجسٹر کرانا ضروری ہوگا۔ مولانا عبدالعلیم ندوی صاحب نے کہا کہ نکاح کے لیے جماعت المسلمین کی طرف سے قاضی صاحب میسر نہیں ہونگے۔ مولانا نے کہا کہ صحت اللہ کی امانت ہے اس کی حفاظت کرنا ہمارا فرض ہے اس لیے گھر سے بے جا باہر نہ نکلیں بازاروں میں بھیڑ اکٹھا نہ کریں، چھوٹے بچوں اور بزرگوں کو گھر سے نکلنے نہ دیں۔ انہوں نے حکومت کی جانب دی گئی تمام ہدایات پر بھی مکمل عمل کرنے کی ترغیب دی۔ جماعت کے سلسلہ میں کسی کارروائی کی ضرورت ہو تو وہ حضرات مولانا طلحہ صاحب سے اس نمبر پر رابطہ کرسکتے ہیں۔ 9916570094