علیحدگی پسند لیڈر یاسین ملک پر لگا پی ایس اے، دو سال تک رکھا جا سکتا ہے حراست میں

12:22PM Thu 7 Mar, 2019

جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک کو پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت گرفتار کیا گیا ہے۔ یہ اطلاع لبریشن فرنٹ کے ایک ترجمان نے دی۔ انہوں نے بتایا 'ملک پر غیرقانونی قانون پی ایس اے عائد کیا گیا ہے۔ انہیں سری نگر سے کوٹ بلوال جیل جموں منتقل کیا جارہا ہے'۔ غور طلب ہے کہ ریاستی پولیس نے علیحدگی پسند لیڈر یاسین ملک کو گذشتہ ماہ (فروری) کی 22 تاریخ کو حراست میں لیا تھا۔ جموں و کشمیر میں ماحول خراب کرنے کے الزام میں یاسین ملک کے خلاف  کوٹھی باغ پولیس اسٹیشن میں معاملہ درج کیا گیا تھا۔ فرنٹ ترجمان کے مطابق ملک کو جمعرات کی صبح بتایا گیا کہ ان پر پی ایس اے عائد کیا گیا ہے اور انہیں کوٹ بلوال جیل جموں منتقل کیا جائے گا۔
 بتادیں کہ پی ایس اے کو انسانی حقوق کے عالمی نگراں ادارے 'ایمنسٹی انٹرنیشنل' نے ایک 'غیرقانونی قانون' قرار دیا ہے۔ اس کے تحت عدالتی پیش کے بغیر کسی بھی شخص کو کم از کم چھ ماہ تک قید کیا جاسکتا ہے۔ جموں وکشمیر میں اس قانون کا اطلاق حریت پسندوں اور آزادی حامی احتجاجی مظاہرین پر کیا جاتا ہے۔ جن پر اس ایکٹ کا اطلاق کیا جاتا ہے اُن میں سے اکثر کو کشمیر سے باہر جیلوں میں بند کیا جاتا ہے۔