دہلی کی سابق وزیر اعلیٰ شیلا دکشت کا انتقال، پورے ملک میں غم کی لہر
10:53AM Sat 20 Jul, 2019
دہلی کی سابق وزیر اعلیٰ اورکانگریس کی سینئر لیڈر شیلا دیکشت کا آج دہلی کے اسکارٹس اسپتال میں انتقال ہو گیا۔ انھیں آج صبح اچانک دل کا دورہ پڑا تھا جس کے بعد اسپتال میں داخل کیا گیا تھا لیکن وہ صحت یاب نہیں ہو سکیں۔ ان کا انتقال کانگریس کے لیے ہی نہیں بلکہ ملک کے لیے ایک عظیم خسارہ ہے۔ انھوں نے 81 سال کی عمر پائی اور اپنی سیاسی زندگی میں کئی اہم ذمہ داریوں کو بخوبی نبھایا۔
شیلا دکشت 1998 سے 2013 تک دہلی کی وزیراعلیٰ کے عہدے پرفائز تھیں اوردہلی کوترقی یافتہ بنانے کا سہرا ان کے سرہی جاتا ہے۔شیلا دکشت اس وقت دہلی کانگریس کی ریاستی صدرکی ذمہ داری سنبھال رہی تھیں۔ لوک سبھا الیکشن 2019 میں شیلا دکشت کی قیادت میں ہی دہلی میں کانگریس نے انتخابات میں حصہ لیا تھا۔ سال 2019 میں انہیں اجے ماکن کے استعفیٰ کے بعد یہ ذمہ داری دی گئی تھی۔ انہیں گاندھی خاندان کا قریبی سمجھا جاتا تھا۔