بالاکوٹ حملہ کا سیاسی فائدہ اٹھانا غیر اخلاقی... یو. ٹی. قادر

01:35PM Mon 4 Mar, 2019

بیلگاوی: کرناٹک کے شہری ترقی کے وزیر یو. ٹی. قادر کا کہنا ہے کہ مسلح فورسز ملک کی سلامتی کو اولین ترجیح دے رہی ہیں اور ہمیں ان کی حصولیابیوں پر فخر ہے لیکن کچھ سیاسی پارٹیوں کے ذریعہ ان کی بہادری کا اپنے فائدے کے لیےاستعمال کرنا ایک غیر اخلاقی کوشش کی ہے۔ مسٹر قادر نے تلکاواڑی میں اسمارٹ سٹی پروجکٹ کےتحت ایک پارک کے افتتاح کے دوران پریس کانفرنس میں کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف ہندستانی فضائیہ نے پاکستان مقبوضہ کشمیر میں جاکر حملے کیے ہیں اور انھیں سیاسی رنگ دینا مناسب نہیں ہے۔ انھوں نے کہا کہ ہم سب ہندستانی ہیں اور یکجہتی وسلامتی ہمارے لیے سب سے اوپر ہے۔ ایسی صورت میں جب دہشت گرد تنظیمیں چیلنج پیش کررہی ہیں تب ہمیں دنیا کو اتحاد اور طاقت دکھانی چاہئے۔ سوشل میڈیا پر کچھ لوگوں کے ذریعہ پاکستان حامی نعروں اور پیغامات کے سوال کے جواب میں انھوں نے کہاکہ وہ ایسے واقعات کی سخت مذمت کرتے ہیں۔ انھوں نے آئندہ لوک سبھا انتخابات میں کانگریس اور جنتادل (سکیولر) کے درمیان سیٹوں کی تقسیم کے بارے میں پوچھے جانے پر کہا کہ یہ فیصلہ پارٹی اعلی کمان کرے گی۔ مسٹر قادر نے کہا کہ دونوں اتحادیوں کے بیچ کوئی بھی غلط فہمی نہیں ہیں۔