عوام راشن کارڈ کے لئے تحصلدار آفس کے سامنے رات سے ہی لائن لگانے پر مجبور

04:04PM Mon 10 Jun, 2013

عوام راشن کارڈ کے لئے تحصلدار آفس کے سامنے رات سے ہی لائن لگانے پر مجبور نامکمل سہولیات پر عوام ناخوش بھٹکلیس نیوز 10/ جون،2013 بھٹکل / بھٹکل تعلقہ میں راشن کارڈ کے لئے پھر ایک بار عوام میں کھلبلی پیدا ہوئی ہے ۔ یہاں تحصلدار آفس میں فوڈ آفسر کے دفتر کے سامنے ایک دن میں صرف 40/ سے 50/ ٹوکن دئے جاتے ہیں جس کی وجہ سے بھٹکل کی عوام رات میں ہی لائن لگاکر اپنے دن رات یہیں بسر کرنے پر مجبور ہوگئی ہے ۔ اس پر مزید حکومت کی طرف سے نامکمل سہولیات کے باعث عوام میں ناراضگی دیکھنے کو مل رہی ہے ۔ تعلقہ میں بی پی ایل کارڈ کی جانچ اور دیگر دوسری کارروائی کے لئے اپنا پورا کام چھوڑ کر مرد اور عورت یہاں پر لائن لگا کر کھڑے ہوتے نظر آرہے ہیں ۔ پچھلے مہینے میں کرناٹک کانگریس پارٹی کی حکومت آنے کے بعد بی پی ایل کارڈ والوں کے لیے ایک روپئے کلو چاول دینے کی وجہ سے عوام کی اس میں دلچسپی اور بڑھ گئی ہے ۔ حکومت بھی اس سلسلہ میں بہت ہی ہوشیاری سے جانچ پڑتال کا کام کر رہی ہے ۔ یاد رہے کہ تعلقہ میں 35/ہزار سے زائد بی پی ایل کارڈ والے موجود ہیں ۔ 2008/2009 اور 2010  میں جن کا بھی کارڈ بنایا گیا تھا ان سب کا ریکارڈ ہاتھ سے لکھے رجسٹر میں محفوظ ہونے کی بناء پر اس کو انٹرنیٹ سے جوڑنے کے لئے اور کمپوٹر میں اس ڈاٹا کو محفوظ کرنے کے لئے پھر اصلی کارڈ والے کو بلا کر پرانے کارڈ کو نیا کرنے کی تاکید کی گئی ہے ۔ اس سسلہ میں تعلقہ کے 16/گرام پنچایت میں کام جاری ہے اور تحصلدار آفس میں بھی کام چل رہا ہے ۔ اس کارڈ کو جاری کرنے میں دیگر دستاویزات کے ساتھ ساتھ پڑوسی کو بھی بطور ثبوت پیش کرنے کی وجہ سے عوام پریشانی میں پڑے ہوئے ہیں ۔ اس موقع پر حکومت کی طرف سے بھرپور سہولیات نہ ہونے کی وجہ سے عوام کا کہنا ہے کہ انتخابات کے وقت سبھی لیڈران بڑے بڑے وعدے کرکے عوام کو دن میں تارے دکھاتے ہیں اور جیسے ہی انتخابات ختم ہوکر نتائج کا اعلان ہوتا ہے پتہ نہیں کہاں غائب ہوتے ہیں یہ لوگ عوام کی مدد کرنے میں کوئی دلچسپی نہیں رکھتے ۔ مشتعل عوام نے حکومت سے اس سلسلہ میں بھر پور تعاون دینے کی اپیل کی ہے ۔ ration-card