ملک بھر میں عید کا جشن ، صدر جمہوریہ ، نائب صدر جمہوریہ اور پی ایم مودی نے دی مبارکباد

02:31PM Thu 7 Jul, 2016

نئی دہلی : قومی راجدھانی دہلی سمیت ملک بھر میں عید کا جشن منایا جارہا ہے ۔ نئی دہلی میں شاہی عید گاہ قصاب ، شاہی جامع مسجد دہلی ، فتحپوری مسجد دہلی سمیت متعدد مقامات پر عید الفطر کی نماز ادا کی گئی ۔ دہلی میں موسم کافی خوشگوار رہا اور نماز کے وقت دھوپ کھلی ہوئی تھی ۔ ریاست مہاراشٹر میں عید الفطر کا تہوار پر امن طریقے سے روایتی انداز میں منایا گیاحالانکہ کئی مقامات پر بارش کی وجہ سے نماز عیدالفطر کی ادائیگی میں دقت پیش آئی لیکن دو اور تین جماعتوں کے ذریعہ ریاست کے مسلمانوں نے نماز عید الفطر اداپورے جوش وخروش کے ساتھ ادا کی۔صلاۃ دوگانہ کے دوران مقامات مقدسہ کے تحفظ کے لئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ موسم باراں کے پیش نظر کئی مساجد میں عید الفطر کی نماز کے لئے دو دو جماعتوں کا اہتمام کیا گیا تھا جبکہ کئی عید گاہوں میں عید کی نماز ادا نہیں کی جاسکی جس میں ممبئی کا تاریخی آزاد میدان بھی شامل ہے جہاں فرزندگان توحیدکا سب سے بڑا مجمع نماز عید الفطر اد ا کرتا ہے ۔ حالانکہ عید کی نماز کے وقت مختلف مقامات پر بارش نہیں ہوئی لیکن پھر بھی احتیاطاً کئی مساجد کے باہر بارش سے بچنے کے لئیپنڈال بھی بنائے گئے تھے ۔ عید کی مبارکبادیاں پیش کرنے کے لیئے مختلف سیاسی پارٹیوں کے لیڈران کو عید گاہوں اور مساجد پہنچ کر مسلمانوں کو مبارکبادیں پیش کرتے ہوئے بھی دیکھا گیا ۔ گنجان مسلم آبادی والے علاقے مدن پور ہ سے قریب واقع محمد حسین پلے گراؤنڈ (وائی ایم سی میدان) شہر کی وہ واحد سب سے بڑی عید گاہ نظر آئی جہاں ہزاروں مسلمانوں نے نماز عیدالفطر ایک پنڈال میں ادا کی جس کی تیاریاں عید سے ۱۰؍ دنوں قبل شرو ع کی گئی تھیں اور تقریباً پورے میدان کوڈھانپ دیا گیا تھا ۔ خیال رہے کہ اس مرتبہ ہندوستان میں بھی کچھ علاقوں میں بدھ کو ہی عید الفطر کی نماز ادا کی ۔ بدھ کو لکھنو سمیت ملک کے مختلف مقامات پر شیعہ مسلک کے ماننے والوں نے عید الفطر کی نماز ادا کی ،جبکہ کچھ مقامات پر شیعہ مسلک کے ماننے والے عید کی نماز آج ادا کررہے ہیں ۔ عید الفطر کے موقع پر صدر جمہوریہ پرنب مکھرجی ، نائب صدر جمہوریہ اور وزیر اعظم نریندر مودی سمیت متعدد سرکردہ شخصیات نے مبارکباد دی ہے ۔ صدر جمہوریہ نے اپنے پیغام میں کہا کہ رمضان کا یہ مقدس مہینہ معاشرے میں خوشی کے ساتھ فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور بھائی چارے کا پیغام لے کر آتا ہے۔ میں مسلم بھائیوں اور بہنوں کو اس موقع پر نیک تمنایں دیتا ہوں۔علاوہ ازیں کانگریس کی صدر سونیا گاندھی اور نائب صدر راہل گاندھی نے بھی اہل وطن کو عید کی مبارکباد دی ہے۔ وزیر اعظم نریندرمودی سمیت ملک کی مختلف سرکردہ شخصیات نے مبارک باد دی ہے۔ وزیر اعظم نے مسلم ممالک کے سربراہوں کو مبارکبادی دی ۔ پاکستانی وزیر اعظم نواز شریف ، بنگلہ دیش کی وزیر اعظم شیخ حسینہ ، ایران کی صدر روحانی ، سعودی عرب کے شاہ سلمان اور دیگر مسلم ممالک کے سربراہوں کو مبارکباد دی ۔