ضلع اتر کینرا میں کورونا کے معاملات میں روز بروز اضافہ؛ آج ایک ہی دن میں 24 نئے معاملات
02:15PM Mon 29 Jun, 2020
کاروار: 29 جون، 20 (بھٹکلیس نیوز بیورو) ضلع اتر کینرا میں پچھلے کچھ دنوں سے کورونا نے اپنا رنگ دکھانا شروع کر دیا ہے، یہاں آئے دن کورونا کے معاملات میں اضافہ ہی ہوتا جارہا ہے۔ آج شام میں جاری کی گئی سرکاری ہیلتھ بلٹین کے مطابق ضلع میں آج کورونا کے 24 نئے معاملات سامنے آئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پچھلے دنوں منڈگوڈ کی تبت کالونی میں کورونا پوزیٹیو شخص کے رابطہ میں آنے والے سات افراد، یلاپور میں بس کنڈکٹر کے رابطہ میں آنے والے چھ افراد اور گوا سے واپس آنے والا ایک شخص، ہوناور میں ممبئی لوٹنے والے چھ افراد، گوا میں کورونا مریض کے رابطہ میں آنے والے کاروار کے دو افراد، بھٹکل میں آندھرا پردیش سے لوٹا ایک شخص (اس کی رپورٹ دو دن قبل بھی پوزیٹیو آچکی ہے)، کمٹہ میں ممبئی سے لوٹا ایک شخص شامل ہے۔
ان نئے معاملات کے بعد ضلع میں کورونا مریضوں کی کل تعداد 213 کو پہنچ گئی ہے جن میں سے 154 افراد صحت یاب ہوکر گھر لوٹ چکے ہیں جبکہ 54 افراد کاروار کیمس میں زیر علاج ہیں۔
واضح رہے کہ بھٹکل کی ایک معروف شخصیت کی کل مینگلور میں کورونا رپورٹ پوزیٹیو آنے کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد ان کے گھر کو سیل کیا گیا ہے۔