ہر حکومت عدلیہ پر کنٹرول رکھنا چاہتی ہے اور یہ اچھی چیز نہیں : چلمیشور
12:19PM Sat 23 Jun, 2018
Share:
سپریم کورٹ سے ریٹائر ہوئے جج جسٹس چلمیشور کا کہنا ہے کہ ہر حکومت عدلیہ پر کچھ کنٹرول رکھنا چاہتی ہے اور یہ اچھی چیز نہیں ہے۔ ریٹائرمنٹ کے بعد چلمیشور نے سی این این نیوز 18 سے خاص بات چیت کی۔ انٹرویو کے دوران انہوں نے حکومت کی مداخلت سے لے کر عدلیہ میں تقرری جیسے معاملات پر کھل کر اپنی بات رکھی۔
چلمیشور نے کہا کہ ہر حکومت کسی نہ کسی طرح سے عدلیہ کو کنٹرول کرنا چاہتی ہے ، کوئی بھی حکومت جتنا زیادہ ممکن ہوسکے وہ ملک کی الگ الگ چیزوں پر کنٹرول رکھنا چاہتی ہے۔
جے چلمیشور نے ججوں کی تقرری میں تاخیر کرنے کی مودی حکومت کی کوشش کو لے کر چیف جسٹس آف انڈیا کو ایک خط بھی لکھا تھا ۔ اس سلسلہ میں انہوں نے کہا کہ جو کچھ بھی لکھا گیا تھا ، وہ صحیح تھا ۔ انہوں نے کہا کہ میں نے جو بھی کہا ہے ، وہ سبھی حقائق ہیں ، ایسا کیوں کیا گیا یہ ایک بحث کا معاملہ ہے۔
خیال رہے کہ چلمیشور نے سی جے آئی دیپک مشرا کو ایک خط لکھا تھا کہ حکومت عدلیہ کے کام کاج میں ضرورت سے زیادہ دخل اندازی کررہی ہے جو کہ جمہوریت کیلئے صحیح نہیں ہے۔ اپنے خط میں چلمیشور نے کرناٹک ہائی کورٹ کے ایک جج کی تقرری کا معاملہ بھی اٹھایا تھا۔