لاک ڈاؤن کے دوران بھٹکل سے تحصلدار کا تبادلہ؛ بنگلورو سے آئے تحصلدار کے چارج لینے پر عوامی نمائندوں میں تشویش

04:05PM Mon 27 Apr, 2020

بھٹکل: 27 اپریل، 20 (بھٹکلیس نیوز بیورو) ملک بھر میں جاری لاک ڈاؤن میں جہاں ایک جگہ سے دوسری جگہ جانا مشکل ہوگیا ہے ایسے میں بھٹکل سے تحصلدار کا تبادلہ کرکے بنگلور سے آئے نئے تحصلدار کا تقرر کیا گیا ہے جنہوں نے جمعہ کے دن اپنا چارج سنبھال لیا ہے۔ اطلاع کے مطابق نئے تحصلدار کا نام یس روی چندرا ہے جنہوں نے 2006میں کے اے ایس کیڈر جوائن کیا تھا۔ اس سے قبل وہ بنگلورو، وجیا پورا، باگلکوٹ اور بادامی کے مختلف علاقوں میں اپنی خدمات انجام دے چکے ہیں۔ انہوں نے چارج سنبھالنے کے بعد پولس کے ساتھ پورے شہر کا چکر لگایا اور لاک ڈاؤن کا جائزہ لیا۔ تاہم ان کے اس تقرر پر عوامی نمائندوں نے تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ لاک ڈاؤن کے دوران جہاں بہت سارے اضلاع سیل کیے گئے ہیں ایسے میں بنگلور سے تحصلدار کو یہاں لانے کی کیا ضرورت پیش آئی اور اصول کے مطابق جب کوئی باہر سے آتا ہے تو اسے پندرہ دنوں تک کورنٹائن میں رکھا جاتا ہے۔ ایسے میں نئے تحصلدار کے آتے ہی بغیر کورنٹائن کے چارج کا سنبھالنا کہیں قانون کی خلاف ورزی تو نہیں ہے؟ یا پھر عوام کے لیے الگ قانون ہے اور سرکاری افسران کے لیے کوئی دوسرا قانون مقرر ہے؟۔