شہریت ترمیمی قانون: مائیکرو سافٹ کے سی ای او ستیہ نڈیلا نے کہا۔ ہندوستان میں جو ہو رہا ہے وہ افسوسناک ہے
04:10PM Tue 14 Jan, 2020
نئی دہلی۔ شہریت ترمیمی قانون (CAA) کو لے کر ملک بھر میں جاری احتجاجی مظاہرہ کے درمیان مائیکروسافٹ کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر ستیہ نڈیلا (Satya Nadella) نے ہندوستان میں پیدا ہوئی اس صورت حال کو افسوسناک قرار دیا ہے۔ سی اے اے کو لے کر BuzzFeed editor-in-chief بین اسمتھ کے ذریعہ پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں نڈیلا نے کہا ’ مجھے لگتا ہے کہ جو کچھ ہو رہا ہے وہ افسوسناک ہے۔ یہ صرف برا ہے۔ نڈیلا نے کہا کہ ’’مجھے لگتا ہے کہ جو کچھ ہو رہا ہے وہ افسوسناک ہے۔ میں ایک ایسے بنگلہ دیشی مہاجر کو دیکھنا چاہوں گا جو ہندوستان آتا ہے اور انفوسس کا اگلا سی ای او (چیف ایگزیکٹیو افسر) بنتا ہے۔‘‘
وہیں، ایک دیگر بیان میں ستیہ نڈیلا نے کہا کہ ’’مجھے اس جگہ پر بہت فخر ہے جہاں مجھے اپنی ثقافتی وراثت ملتی ہے اور میں نے ایک شہر، حیدر آباد میں پرورش پائی ہے۔ مجھے ہمیشہ لگا کہ یہ بڑا ہونے کے لیے ایک شاندار جگہ ہے۔ ہم نے ساتھ مل کر عید، کرسمس، دیوالی... تینوں تہوار منائیں، جو ہمارے لیے بڑے ہیں۔‘‘دوسری طرف، معروف مورخ رام چندر گہا نے نڈیلا کے اس بیان کا خیرمقدم کیا ہے۔ گہا خود کے اس بات کے حامی رہے ہیں کہ ملک کے آئی ٹی شعبہ کے لوگوں کو اس قانون کے خلاف بولنے کی ہمت دکھانی چاہئے۔