عبدالقیوم انصاری کے والد کے انتقال پر میڈیا سینٹر علی گڑھ پر تعزیتی نشست کا انعقاد
12:50PM Thu 14 Jul, 2016
ملت جناب عبدالقیوم انصاری کے غم میں برابر کی شریک :ڈاکٹر جسیم محمد
علی گڑھ13؍جولائی: مغربی بنگال مومن انصار سبھا کے ریاستی صدر اور ہوڑہ ضلع ترنمول کانگریس اقلیتی سیل کے سکریٹری جناب عبدالقیوم انصاری کے والد ابو شحمہ انصاری کے سانحۂ ارتحال پرمزمل منزل کامپلیکس میں واقع میڈیا سینٹر علی گڑھ پر ایک تعزیتی نشست کا انعقاد عمل میں آیا جس کی صدارت ممتاز سائنسداں پروفیسر ہمایوں مراد نے کی۔
مرحوم ابو شحمہ انصاری کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے پروفیسر ہمایوں مراد نے کہا کہ ان کی موت سے قوم نے ایک بڑے سماجی کارکن کو کھودیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ابو شحمہ انصاری نے جس طرح اپنے بچوں کی پرورش کے ساتھ سماج کی خدمت کا فریضہ انجام دیا وہ ان کی نیکیوں پر دال ہے ۔
میڈیا سینٹر کے ڈائرکٹر ڈاکٹر جسیم محمد نے کہا کہ عبدالقیوم انصاری میں ملت کی خدمت کا جو جذبہ پایا جاتا ہے وہ ان کے والد مرحوم ابو شحمہ انصاری کی ہی دین ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرحوم نے ایک سو پانچ سال کی عمر پائی اور آخر وقت تک وہ عبادت الٰہی میں مشغول رہے۔ انہوں نے ہمیشہ ملک و ملت کے لئے پاکیزہ جذبات رکھے اور وہ ایک نیک دل انسان ہونے کے ساتھ ایک عظیم محبِ وطن بھی تھے۔
ڈاکٹر جسیم محمد نے کہا کہ ملت جناب عبدالقیوم انصاری کے غم میں برابر کی شریک ہے کیونکہ ان کے والد کی موت سے ملت نے اپنا عظیم مسیحا اور بزرگ کھودیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرحوم کو ان کی نیکیوں اور سماجی خدمات کے لئے تادیر یاد رکھا جائے گا اور ان کے انتقال سے جو خلاء پیدا ہوا ہے اس کا جلد پُر ہونا مشکل ہی نہیں ناممکن ہے۔
اس موقع پر این جمال انصاری، اویس جمال شمسی، اقبال سیفی، محمود انصاری، ڈاکٹردولت رام ، دلشاد قریشی نے مرحوم کو خراجِ عقیدت پیش کیا ۔ آخر میں ایک تعزیتی قرارداد پیش کرکے مرحوم کی لئے مغفرت اور پسماندگان کے لئے صبرِ جمیل کی دعا کی گئی۔