ہیمنت کرکرے کی بیٹی نے سادھوی پرگیہ ٹھاکر کو دیا کرارا جواب ، یاد دلائی یہ بات
11:46AM Sun 28 Apr, 2019
Share:
مدھیہ پردیش کی بھوپال لوک سبھا سیٹ سے بھارتیہ جنتا پارٹی کی امیدوار پرگیہ سنگھ ٹھاکر نے گزشتہ دنوں ممبئی حملوں میں شہید ہوئے ہیمنت کرکرے کی شہادت پر متنازع بیان دیا تھا ۔ پرگیہ کےمنتازع تبصرہ پر ہیمنت کرکرے کی بیٹی جوئی نوارے نے کہا کہ میں ان کے بیان کو توجہ نہیں دینا چاہتی ، میرے والد نے ہمیں سکھایا ہے کہ دہشت گرد کا کوئی مذہب نہیں ہوتا ۔
انگریزی اخبار انڈین ایکسپریس سے جوئی نے کہا کہ میں صرف ہیمنت کرکرے کے بارے میں بات کروں گی ۔ وہ رول ماڈل تھے اور ان کا نام عزت کے ساتھ لیا جانا چاہئے ۔ جوئی نے کہا کہ ان کے والد نے انہیں سکھایا ہے کہ دہشت گرد کا کوئی مذہب نہیں ہوتا۔
خیال رہے کہ 26/11حملہ کے بعد پہلی مرتبہ جوئی سامنے آئی ہیں ۔ اینٹی ٹیرر اسکواڈ کے سربراہ رہ چکے کرکرے ممبئی حملے میں شہید ہوگئے تھے ۔ انہیں مرنے کے بعد اشوک چکر سے نوازا گیا تھا ۔جوئی نے کہا کہ والد کیلئے ملک پہلی ذمہ داری تھی ۔ وہ اپنی وردی سے پیار کرتے تھے اور اس کو اپنی اور ہماری زندگی سے پہلے توجہ دیتے تھے ۔ میں صرف اتنا چاہتی ہوں کہ ہر کوئی اس کو یاد رکھے ۔
خیال رہے کہ بھوپال میں ایک پریس کانفرنس کے دوران پرگیہ سنگھ ٹھاکر نے کہا تھا کہ ممبئی حملے میں شہید ہوئے کرکرے کو ان کے کاموں کی سزا ملی ۔ ان کے کام ٹھیک نہیں تھے ، اسلئے انہیں سنیاسیوں کا شراپ لگا تھا ۔ پرگیہ نے کہا تھا کہ جس دن میں جیل گئی تھی ، اس کے 45 دن کے اندر ہی دہشت گردوں نے اس کا خاتمہ کردیا ۔ پرگیہ ٹھاکر کے اس بیان کے بعد الیکشن کمیشن نے انہیں نوٹس بھیجا تھا ۔