ممتانے مودی پر انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کا الزام لگایا
02:38PM Wed 27 Mar, 2019
کولکاتہ: ترنمول کانگریس کی سربراہ اور مغربی بنگال کی وزیراعلی ممتابینرجی نے بدھ کو وزیراعظم نریندرمودی کے ذریعہ ’اینٹی سیٹلائٹ میزائل ٹیسٹ‘کا اعلان کرنے کو انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی بتایا ہے۔
ممتا بینرجی نے ٹویٹ کرکے کہا،’’آج کا اعلان مودی کے ذریعہ کیاگیا ایک ڈرامہ ہے اور تشہیر کا ذریعہ ہے جسے مودی الیکشن کے وقت سیاسی فائدے کےلئے استعمال کر رہے ہیں۔یہ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہے۔‘‘
ترنمول کی سربراہ نے کہا،’’حکومت کو یہ اعلان کرنے کےلئے کسی قسم کی جلد بازی دکھانے کی ضرورت نہیں تھی۔بی جےپی کی کشتی ڈوب رہی ہے اور اس لئے بی جےپی آکسیجن پانے کےلئے بے قرار ہے۔ہم الیکشن کمیشن میں اس کی شکایت درج کرائیں گے۔‘‘
واضح رہے کہ وزیراعظم نریندرمودی نے بدھ کو قوم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان نے زمین کی نچلی مدار میں سطح سے 300 کلومیٹر دور ایک لائیو سیٹلائٹ کو ملک میں بنائی گئی میزائل اے -سیٹ سے مار گرایا ہے،لیکن یہ حملہ کسی بھی ملک کے خلاف نہیں ہے۔ اس کے بعد ممتا بینرجی نے بھی ٹویٹ کرکے ہندوستانی سائنس دانوں کو اس کامیابی کےلئے مبارکباد دی۔