لاؤڈاسپیکر سے فجر کی اذان دینے پر مسجد انتظامیہ کے خلاف ایف آئی آر درج

04:02PM Fri 20 May, 2016

آکولہ : مہاراشٹر کے آکولہ میں ایک مسجد انتظامیہ کے خلاف پولیس نے صرف اس وجہ سے ایف آئی آر درج کرلیا ہے ، کہ اس مسجد سے لاؤڈ اسپیکر پر فجر کی اذان دی جارہی تھی ۔ اطلاعات کے مطابق یہ ایف آئی آر آکولہ میں واقع مسجد غریب نواز کی انتظامیہ کے خلاف درج کی گئی ہے۔ آکولہ کے کھدان علاقہ میں واقع غریب نواز مسجد انتظامیہ پر پولیس نے آواز کی آلودگی قانون کا حوالہ دیتے ہوئے کارروائی کی ہے۔ کھدان پولیس اسٹیشن کے انسپکٹر ٹی ایس اینگلےکے مطابق 29 اپریل کی صبح چار بج کر 45 منٹ پر یوسف علی کھدان میں واقع اس مسجد کے لاؤڈاسپیکر میں دی گئی اذان کے ڈسیبل کی جانچ کی گئی تھی ، جو 45 ڈسیبل سے زیادہ ہونے کی وجہ سے پولیس کی جانب سے یہ کاروائی انجام دی گئی۔ ادھر مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ پولیس نے یہ کارروائی علاقہ کے کچھ شرپسند عناصر کے دباؤ میں آکر کی ہے ورنہ تو تقریبا ملک میں فجر کی اذان لاؤڈ اسپیکر کی دی جارہی ہے اور کہیں کسی کے خلاف کیس نہیں درج کیا جاتا ہے۔ مقامی لوگوں کے مطابق پولیس صرف اپنی کارروائی کا جواز پیش کرنے کیلئے سپریم کورٹ کے حکم کا حوالہ دے رہی ہے۔ اصل میں پولیس نے شرپسندوں کے اکساوے اور دبنگوں کے دباؤ میں آکر یہ کارروائی کی ہے۔