آر جے ڈی سپریمو لالو پرساد کی صحت بگڑی ، انفیکشن کے ساتھ ساتھ کرئیٹنن اور بلڈ پریشر بھی بڑھا

01:01PM Fri 16 Nov, 2018

رانچی کے رمس میں زیر علاج آرجے ڈی کے سربراہ لالو پرساد یادو کی صحت بگڑتی جارہی ہے۔ ان کا ٹی سی 12100 پر پہنچ گیا ہے۔ اس کا مطلب یہ ہوا کہ ان کے جسم میں انفیکشن بڑھ رہا ہے۔ ان کا کرئیٹنن بھی بڑھ کر 1.85 ہوگیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق لالو پرساد یادو کےپاوں میں بھی سوجن ہے۔ وہیں بلڈ پریشر کی سطح بڑھ کر 190 تک پہنچ گئی ہے۔ ان سب کو دیکھتے ہوئے ڈاکٹروں نے انہیں دو طرح کی اینٹی بایوٹکس دینی شروع کردی ہیں ۔
 رمس میں لالو پرساد کا علاج کررہے ڈاکٹر امیش پرساد نے کہا کہ آرجے ڈی سپریمو کے جسم میں انفیکشن بڑھنے کے اشارے ملے ہیں ، جس کے بعد انہیں دو طرح کی اینٹی بایوٹکس دی جارہی ہیں ۔ کرئیٹنن بھی کافی بڑھا ہوا ہے۔خیال رہے کہ لالو پرساد پہلے سے ہی کرونک کڈنی ڈیزیز اسٹیج تھری کے مریض ہیں۔ ایسے میں کرئیٹنن میں اضافہ اچھا نہیں مانا جاسکتا ہے۔ علاوہ ازیں ان کے کڈنی میں پتھر بھی پایا گیا ہے۔ وہ ہائیپرٹینشن سے بھی پریشان ہیں۔