بھٹکل میں گھریلو مسائل سے دوچار ایک عورت نے کنویں میں کود کر جان دے دی

02:39PM Wed 5 Jun, 2013

بھٹکل میں گھریلو مسائل سے دوچار ایک عورت نے کنویں میں کود کر جان دے دی بھٹکلیس نیوز / 05 جون،2013 بھٹکل / بھٹکل کے جالی روڈ سبھاش نگر پر واقع ایک گھر میں عورت نے شوہر کے ظلم کی بناء پر کنویں میں کود کر خود کشی کرلی ہے جس کی شناخت عاشکہ (20) کی حیثیت سے کی گئی ہے جب کہ اس کے شوہر کی شناخت یٰسین خان کی حیثیت سے کی گئی ہے جو کہ پیشے سے رکشہ ڈرائیور ہے۔ یٰسین کے بھائی عفان اسمٰعیل خان نے میڈیا اور پولس کو بیان دیا ہے کہ" آج قریب 01:30 بجے اس کے بھائی یٰسین نے اس کو مطلع کیا کہ اس کی بیوی عاشکہ کنویں میں کود گئی ہے اس بات کی اطلاع پاتے ہی ہم اپنے بھائی کے گھر پہنچے اور اس کی بیوی کو کنویں سے نکالا لیکن اس وقت تک وہ انتقال پاچکی تھی ۔ اس کے بعد ہم نے فوری طور پر پولس کو اطلاع کی"۔ ہمارے نمائندے نے جب اڑوس پڑوس کے لوگوں سے اس سلسلہ میں چھان بین کی تو یہ بات سامنے آئی کہ ان دونوں میاں بیوی میں آپس کا جھگڑا معمول بن گیا تھا اور آج کی واردات بھی کسی جھگڑے کا شاخسانہ ہو سکتی ہے ۔ مقامی عوام نے یہ بھی بتایا کہ گھر کا معائنہ کرنے سے بھی پتہ چلتا ہے کہ گھر کا پورا سامان بکھرا ہوا پڑا ہے جو کہ میاں بیو ی کے درمیان ہونے والی کسی بات کی طرف اشارہ کرتا ہے ۔ ذرائع کے مطابق محمد یاسین کو اس سے پہلے بھی ایک بیوی تھی جس نے زہر کھا کر خود کشی کر لی تھی جس کے بعد یاسین نے موجودہ مرحومہ کو مسلمان بناکر شادی کی تھی ۔ یٰسین کی پہلی بیوی سے تین اولاد بھی ہیں جو کہ یاسین کے ساتھ ہی اس کے گھر میں رہتے ہیں ۔ واقعہ کے فوری بعد بھٹکل سی پی آئی بیلی ایپّا ، اسسٹنٹ ایس پی مسٹر سدھیر ریڈی اور دیگر پولس اہلکاروں نے موقع واردات پر پہنچ کر پوری تفصیلات اکھٹا کیں اور لاش کو پوسٹ مارٹم کے لئے روانہ کیا ۔ یٰسین کو فی الحال تحقیقات کے لئے پولس نے حراست میں لیا ہے ۔ اس سلسلہ میں بھٹکل کے دیہی پولس تھانہ میں معاملہ درج کر لیا گیا ہے ۔ women-found-dead-1