مہاراشٹرمیں مراٹھا طبقے کو ایس سی بی سی کے تحت ملے گا ریزرویشن، فڑنویس کابینہ کی منظوری
03:13PM Sun 18 Nov, 2018
مہاراشٹرمیں مراٹھا ریزرویشن تحریک کے بعد اب مراٹھا طبقے کو ریزرویشن دینے کے لئے حکومت پوری طرح سے تیارہے۔ مراٹھا ریزرویشن پرحکومت کا بھی ماننا ہے کہ مراٹھا تعلیمی اورسماجی طورپرپسماندہ ہیں۔ انہیں اسپیشل کٹیگری فاربیک ورڈ کلاسیز (ایس سی بی سی) کے تحت ریزرویشن دیا جائے۔
مہاراشٹرحکومت کے کابینہ نے فیصلہ کیا ہے کہ مراٹھیوں کو ایس سی بی سی کے تحت الگ ریزرویشن دیا جائے گا۔ 50 فیصد سے زیادہ ریزرویشن نہیں دیا جاسکتا، اس لئے مہاراشٹرحکومت نے 'اسپیشل کٹیگری فاربیک ورڈ کلاسیز' کی تجویز سے ریزرویشن دینے کا اعلان کیا ہے۔
اس سے قبل مہاراشٹرریاست کے پسماندہ طبقات کمیشن نے مراٹھا طبقات کی سماجی اوراقتصادی حالت پراپنی رپورٹ جمعرات کو ریاست کے چیف سکریٹری ڈی کے جین کوسونپی تھی، جس میں مراٹھا طبقے کے لئے ریزرویشن کے مطالبے کے حق میں مشورے دیئے گئے تھے۔ ریاست کی آبادی میں سیاسی طورپرموثرمراٹھا طبقے کی آبادی 30 فیصد ہے۔ اس سال جولائی اوراگست میں ریزرویشن کے لئے زبردست تحریک چلائی گئی تھی۔