مال ہمارے لئے نجات کا ذریعہ بھی بن سکتا ہے اور وبال کا بھی ؛ مولانا عبد الرب ندوی
04:09PM Tue 2 Jul, 2013
مال ہمارے لئے نجات کا ذریعہ بھی بن سکتا ہے اور وبال کا بھی ؛ مولانا عبد الرب ندوی
بھٹکلیس نیوز 02 جولائ، 13
بھٹکل / (رضوان گنگاولی) اسلام کی بنیاد پانچ چیزوں پر ہے اور اس میں تیسرا رکن زکوۃ ہے ۔ ہر وقت انسان مال میں بڑھوتری چاہتا ہے ۔ اس لئے وہ اپنے مال کو اچھے کاموں ڈالنے کے بجائے دوسری جگہوں پر صرف کرتا ہے ۔ مال ہمارے لئے نجات کا ذریعہ بن سکتا ہے اور وبال کا بھی ان خیالات کا اظہار کل یہاں جامع مسجد بھٹکل میں شعبئہ تبلیغ کی طرف سے منعقد استقبال رمضان اور اس کی اہمیت کے اجلاس میں نائب قاضی جماعت المسلمین بھٹکل مولانا عبد الرب خطیب ندوی صاحب نے کیا ۔ موصوف نے زکوۃ اور اس کے مسائل کے عنوان پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جب شادی بیاہ کا معاملہ آتا ہے تو اس میں لوگ بے تحاشہ خرچ کرتے ہیں اور جب زکوۃ کی بات آتی ہے تو ڈھائی فیصد دینا ان پر بھاری پڑجاتا ہے ۔ زکوۃ دینے سے مال میں اضافہ ہوتا ہے ، اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا اگر میرے لئے احد کے پہاڑ کو سونا کر دیا جائے تو میں قرض ادا کرنے کے لئےایک یا دو درھم سے زیادہ اپنے پاس نہ رکھوں۔
مولانا شفیع قاسمی صاحب نے اپنے خطاب میں کہا کہ بغیر محنت کے کوئی چیز حاصل نہیں ہوتی اگر انسان کو کوئی چیز پانی ہے تو انسان کسی طرح سے اس کو پانا چاہتا ہے اس کے لئے دن رات ایک کرتا ہے تبھی جاکر اس کو وہ چیز حاصل ہوتی ہے اسی طرح اللہ تعالیٰ نے ہم کو رمضان کامہینہ عطا کیا اس لئے کہ ہم اس میں محنت کریں اور اس کے ذریعہ جنت حاصل کریں اور جہنم سے بچ جائیں ۔ اللہ کے رسول نے فرمایا ہے کے رمضان میں جنت مانگو اور جہنم سے پناہ مانگو ۔ موصوف نے مزید کہا کہ تراویح رمضان سے مخصوص ہے ۔ اس میں غفلت نہ کریں ، تراویح اللہ اور اللہ کے رسول کو بہت پسند ہے ۔ اور ہر ائمہ کے نزدیک سنت مؤکدہ ہے ۔
مولانا عبد العلیم خطیب ندوی نے اعتکاف اور شب قدر کی اہمیت کو بیان کرتے کہا کہ حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے پورا ایک رمضان شب قدر کو پانے کے لئے اعتکاف کیا جب پہلے عشرہ میں شب قدر نہیں ملی تو اس کی تلاش میں دوسرے عشرہ میں کیا اور اس میں بھی نہیں پائی تو اعلان کیا کہ ان دو عشروں میں جنھوں نے بھی میرے ساتھ اعتکاف کیا ہے وہ سب میرے ساتھ آخری عشرہ میں بھی اعتکاف کریں ۔ جب اعتکاف میں بیٹھیں تو شب قدر کو تلاش کریں ۔ اس کی فضیلت کے بارے میں اللہ تعالی نے قرآن مجید میں پوری سورہ نازل فرمائی ہے ۔
مولانا سمعان خلیفہ ندوی نے اپنے خطاب می کہا کہ دو قسم کے روزے ہوتے ہیں ایک رمضان کا روزہ اور دوسرا زندگی کا ، رمضان کے روزہ سے انسانی زندگی کی تربیت ہوتی ہے ۔ پچھلی امتوں کی عمریں زیادہ ہوا کرتی تھی اور اس امت کی عمریں کم ہیں لیکن اللہ تعالی نے اس امت کو ایسے مواقع فراہم کئے ہیں کہ وہ پچھلی امتوں سے بھی زیادہ ثواب حاصل کر سکتی ہے ۔
آخر میں مولانا عبد الباری فکردے ندوی صاحب نے لوگوں کے سامنے رمضان کی کچھ تجاویز پیش کی اور اس پر عمل کرنے کی تاکید کی ۔ اس کے بعد عوام کو سوال کرنے کا موقع فراہم کیا گیا ۔ جلسہ کا آغاز جلال الدین رکن الدین کی تلاوت کلام پاک سے کیا گیا اور مولوی ابوبکر تونسے نے نعت پیش کی ۔ مولانا عبد الحسیب منا نے نظامت کے فرائض انجام دیئے اورمولانا عبد العلیم قاسمی نے جلسہ کی غرض و غایت اور استقبالیہ کلمات پیش کئے ۔ مولانا مقبول احمد کوبٹے ندوی نے کلمات تشکر پیش کیا اور مولانا عبد الصمد ندوی کی دعا پر جلسہ اختتام پذیر ہوا ۔ اس موقع پر صدر جماعت المسلمین جناب ماسٹر شفیع صاحب ، قاضی جماعت المسلمین مولانا محمد اقبال ملا ندوی صاحب ، مولانا عبد العظیم قاضیا ندوی صاحب اور شہر و اطراف کے ائمہ مساجد اور ذمہ داران موجود تھے ۔