مجلس اصلاح و تنظیم کی جانب سے قربانی سے متعلق اہم ہدایات؛ اسلامی تعلیمات کے مطابق قربانی کے ایام گزارنے کی تاکید
04:03PM Sat 10 Aug, 2019
بھٹکل: 10 اگست، 19 (بھٹکلیس نیوز بیورو) ’’قربانی ایک اہم سنت ہے، اگر اس اہم عمل کے ذریعہ ہم اسلام کی تعلیمات کو صحیح طریقہ پر نہیں پہنچائیں گے تو ہمارا یہ عمل اللہ کے نزدیک قابل قبول نہیں ہوگا اور ہم اسلام کے تعلق سے غیر مسلموں میں غلط پیغام دینے والے بنیں گے۔ اس لیے قربانی کو اسلامی تعلیمات کی روشنی میں سادہ طریقہ پر بغیر شور شرابہ کے انجام دیں تاکہ اس سے کسی کو تکلیف نہ ہو اور آئندہ اس سلسلہ میں ہمیں بھی کوئی پریشانی نہ ہو‘‘۔ ان خیالات کا اظہار مجلس اصلاح و تنظیم کے جنرل سکریٹری جناب عبدالرقیب ایم جے نے مقامی میڈیا کے نمائندوں سے کیا۔ وہ آج بعد مغرب تنظیم کے کانفرنس ہال میں اخباری نمائندوں سے قربانی کے تعلق سے ضروری باتیں کر رہے تھے۔
انہوں نے میڈیا کے توسط سے عوام کو بتایا کہ ہمارے ملک کے حالات اور ہماری اسلامی تعلیمات دونوں کو مد نظر رکھتے ہوئے ہمیں قربانی کا عمل دانش مندی اور حکمت کے ساتھ انجام دینا چاہئے اس لئے جانوروں کو نمائش کے لیے راستوں پر گھمانا، قربانی کے وقت شور شرابا کرنا اور ان کا خون بدن پر لگانا قطعاً صحیح نہیں ہے۔ انہوں نے سوشیل میڈیا پر کسی بھی خبر کو تحقیق کے بغیر پھیلانے کی سخت مذمت کی اور کہا کہ خصوصی طور پر قربانی کے ان ایام میں ہم سے کوئی بھی ایسی حرکت سرزد نہ ہو جس سے کسی کو فساد پھیلانے کا موقع ملے۔
انہوں نے کسی بھی ناگہانی کی صورت میں فوری طور پر تنظیم کے ذمہ داران سے رابطہ کرنے کی درخواست کی اور قانون کو ہاتھ میں لینے سے سختی سے منع کیا۔
جنرل سکریٹری نے کہا کہ اس بار قربانی کیے ہوئے جانوروں کی ہڈیاں اور اوجھیڑی وغیرہ اٹھانے کی ذمہ داری شاہین اسپورٹس سینٹر کو دی گئی ہے۔ اس کے لیے بڑے جانور کے لیے 500/روپئے اجرت اور بکروں کے لیے 125/اجرت رکھے جانے کی بھی خبر دی۔
قربانی کے دوران کسی بھی قانونی پیچیدگی اور مسائل کے حل کے لیے مندرجہ ذیل حضرات سے رجوع کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔
جناب امتیاز ادیاور:9620310550
جناب مٹا محمد صادق:9886000880
جناب گوائی محمد ارشاد: 9448894009
مولوی عزیز الرحمان ندوی:9008952227
جناب نصیف خلیفہ:9343410511
اس موقع پر سکریٹری برائے انتظامی امور جناب جیلانی شابندری صاحب، جناب صدیق آرمار صاحب موجود تھے۔