ہیبلے گرام پنچایت کی عوامی میٹنگ میں ممبران کی ناراضگی
04:22PM Sat 18 Feb, 2017
عوامی مسائل حل نہ کرنے پر عوام ہوئے ناراض
بھٹکلیس نیوز / 16 فروری، 17
بھٹکل: (رضوان گنگاولی) ہیبلے گرام پنچایت کی جانب منعقدہ عوامی میٹنگ میں عوام نے افسران پر مسائل حل نہ کرنے کا الزام لگاتے ہوئے اپنی ناراضگی کا اظہار کیا ۔ میٹنگ میں شریک عوام نے کہا کہ ہر سال یہی مسئلہ درپیش رہتاہے ، عوام سے مسائل پوچھے جاتے ہیں، جب مسائل پیش کئے جاتے ہیں تو سالوں گذرنے کے بائوجود حل نہیں کئے جاتے۔ عوام نے مطالبہ کیا کہ مسائل کو سننے کے بعد افسران اُسے حل کرنے کے لئے بھی کوشش کریں۔
ہیبلے کی میٹنگ کے دوران مسائل کو پیش کرتے ہوئے پنچایت ممبر لکشمن نائک نے کہاکہ اسکول کے بچوں میں ٹھیک طرح سے طلبا وظائف کی تقسیم نہیں ہوپارہی ہے، جس کی تفتیش ہونی چاہئے۔ اسی طرح پنچایت ممبر سید علی نے کہا کہ حنیف آباد علاقہ میں اندرونی نالیوں کے اندر جوبجلی کے کھمبے کھڑے کئے گئے ہیں اُن کے گرنے کا خدشہ ہے، اس سلسلے میں ہسکام افسران کو اطلاع دینے کے بائوجود بھی کوئی کام نہیں ہواہے، ٹینک، پائپ لائن سب کچھ تعمیر کیا گیا ہے لیکن ابھی تک عوام کو پینے کا پانی سپلائی نہیں کیا جارہا ہے۔ پنچایت ممبر رام نائک اور وینکٹیش نے اعتراض جتایا کہ محکمہ مویشی پالن کے مستحقین کو منتخب کرنے میں تفریق و تعصب سے کام لیا گیا ہے۔ اگر رکن اسمبلی کے ذریعے ہی مستفیدین کو منتخب کرناہے تو پھر یہاں درخواست دینے کی ضرورت کیا ہے۔ تمام مسائل اورسوالات کی وضاحت کرتے ہوئے پنچایت صدر این ڈی موگیر نے کہاکہ تمام مستفیدین گرام پنچایت کودرخواست دیتے ہیں، لیکن مستفیدین کو منتخب کرنے کے لئے الگ سے میٹنگ منعقد کی جاتی ہے ۔ ہیبلے علاقہ کے عوام کے لئے گاندھی نگر اور تیگنگنڈی میں الگ الگ کم کرایہ پر دکانوں کا انتظام کئے جانے کولے کر کئی مرتبہ پیش کش کی گئی لیکن کوئی سنتا ہی نہیں۔ دھوئیں کے بغیر دیہات تعمیر کرنے کی بات ہر جگہ سنی جارہی ہے ، لیکن علاقہ میں پکوان گیس کاکنکشن ٹھیک طرح سے نافذ نہیں کیا گیا ہے اس پر مزید یہ کہ یہاں لکڑیوں کا بھی مسئلہ ہے ۔ جس کے نتیجے میں عوام کافی پریشانیوں کا سامنا کررہے ہیں۔ ان باتوں کی شکایت کئی ممبران نے کی۔ تعلقہ پنچایت ممبر مہابلیشور نائک ، زرعی افسر مورگوڈ وغیرہ موجود تھے۔
بھٹکل حنیف آباد اور مدینہ کالونی کے مسائل حل کرنے میمورنڈم: ہیبلے پنچایت میں عوامی میٹنگ کے دوران حنیف آباد اور مدینہ کالونی کے مکینوں نے علاقے کے مختلف مسائل کے حل کا مطالبہ لے کرتعلقہ کے ہیبلے گرام پنچایت کے صدر اور ممبران کو میمورنڈم پیش کیا اور مختلف سرکاری آفسران سے سوال کیا گیاکہ علاقہ کے مسائل کے حل کے تعلق سے انتظامیہ کیوں متحرک نہیں ہے۔
میمورنڈم میں عوام نے پنچایت کے سامنے مسائل کا انبار پیش کرتے ہوئے اس کو حل کرنے کی مانگ کی گئی ہے۔