کانگریس کے پاس ہاتھ کی علامت ملک کو جوڑنے کے عزم کا نشان ہے: راہل

02:08PM Sat 17 Mar, 2018

نئی دہلی۔ نریندر مودی حکومت پر ملک میں برگشتگی پھیلانے اور عوام اور فرقوں کے درمیان پھوٹ ڈالنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کانگریس کے صدر راہل گاندھی نے آج کہا ہے کہ کانگریس ہی  واحد ایسی جماعت ہے جو محبت کے پیغام کے ذریعہ اس ملک کو آگے بڑھا سکتی ہے۔ انڈین نیشنل کانگریس کے 84ویں مکمل اجلاس کے افتتاحی خطبے میں راہل گاندھی نے کہا کہ ’’ آج ملک میں ناراضگی پھیل رہی ہے۔ لوگوں میں پھوٹ ڈال کر انہیں ایک دوسرے سے لڑایا جا رہا ہے۔ اس لئے وقت کا تقاضہ ہے کہ لوگوں کو نفرت کی اس لہر کے خلاف متحد کیا جائے۔ یہ اتحاد قائم کر کے ملک کو ترقی کی راہ پر لے جانے کی کانگریس کل بھی پابند تھی اور آج بھی عہد بند ہے۔ راہل  گاندھی نے کہا کہ کانگریس کے پاس ہاتھ کی جو علامت ہے وہ ملک کو جوڑنے کے عزم کا نشان ہے اور اس عمومی اجلاس کا مقصد اس محاذ پر کانگریس پارٹی کو آگے بڑھانا ہے۔ کانگریس کے صدر نے بزرگ رہنماؤں کی خدمات کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ آگے کا راستہ نئی نسل کو ذمہ داریاں سونپتے ہوئے طے کیا جائے اور اپنے تابناک ماضی کو بھولے بغیر تبدیلیوں کا سامنا کیا جائے اور انہیں اختیار کیا جائے۔
راہل گاندھی نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ وزیراعظم نریندر مودی نوجوانوں کے لئے کافی کچھ نہیں کر رہے ہیں اور ملک میں بڑھتی ہوئی بے روزگاری کی طرف سے انہوں نے آنکھیں بند کر رکھی ہیں۔