فلسطینی جیلوں میں قید درجنوں سیاسی کارکنوں کی بھوک ہڑتال
12:54PM Tue 20 Jan, 2015
بھٹکلیس نیوز/20جنوری ،15
فلسطینی اتھارٹی کے زیرانتظام جیلوں میں سیاسی بنیادوں پرقید میں ڈالے گئے درجنوں کارکنوں نے غیرقانونی حراست کے خلاف بھوک ہڑتال شروع کر دی ہے۔ دوسری جانب صہیونی فوج اور فلسطینی ملیشیا کے درمیان سیاسی کارکوں کی گرفتاریوں کی باریاں لگی ہوئی ہیں۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق مقبوضہ مغربی کنارے کے مختلف شہروں میں سیاسی کشیدگی کا سلسلہ پچھلے کئی ہفتوں سے عروج پر ہے۔ گذشتہ روز عباس ملیشیا کی جیلوں سے تین کارکنوں کی رہائی کے بعد صہیونی پولیس نے انہیں حراست میں لے لیا۔ مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ عباس ملیشیا کی جیلوں میں قید مزید تین سیاسی قیدیوں نے بھوک ہڑتال میں شمولیت اختیار کی ہے کے بعد بھوک ہڑتالی اسیران کی تعداد دو درجن تک پہنچ گئی ہے۔
مغربی کنارے میں اسلامی تحریک مزاحمت’’حماس‘‘ کی جانب سے جاری ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ اریحا میں قائم فلسطینی اتھارٹی کی جیل انتظامیہ نے الخلیل کے رہائشی سیاسی کارکن معاذ ھشام الشرباتی کی حراست میں مزید دو روز کی توسیع کردی ہے۔ الشرباتی پر فرقہ وارانہ نعروں اور اشتعال انگیزی کا الزام عاید کیا گیا ہے۔ یاد رہے کہ الشرباتی گذشتہ جمعرات سے مسلسل بھوک ہڑتال جاری رکھے ہوئے ہے۔
دو دیگر سیاسی کارکنوں محمود عباس اور ضیاء التلاحمہ نے بھی عباس ملیشیا کی جیل میں بھوک ہڑتال شروع کی ہے۔ دونوں کو پانچ روز قبل الخلیل کے شہر دورا سے حراست میں لیا گیا تھا۔ ان کا تعلق اسلامی جہاد سے بتایا جاتا ہے۔
ادھر الخلیل شہر میں اسرائیلی فوج نے تلاشی کی کارروائیوں میں اسلامک بلاک کے رکن طالب علم عبدالرئوف غنیمات کو حراست میں لے لیا ہے۔ اسے ایک ہفتہ قبل عباس ملیشیا کی جیل سے رہا کیا گیا تھا۔
طولکرم میں اسرائیلی فوج کی تلاشی کی کارروائیوں میں محمود عسس، رامی اسعود ابو شلبانہ، جعفر محمد ابو دیہ، حازم علی ابودیہ اور احمد عدوان کو گرفتار کرنے کے بعد جیل منتقل کردیا ہے۔ یہ تمام شہری سیاسی بنیادوں پر عباس ملیشیا کی جیل میں قید رہے ہیں اور دو روز پیشتر انہیں 50 دن کی قید کے بعد عباس ملیشیا کی جیل سے رہا کیا گیا تھا۔
ادھر رام اللہ میں جامعہ بیرزیت کےباہر سیاسی جماعتوں کی جانب سے سیاسی کارکنوں کی غیرقانونی پکڑ دھکڑ کےخلاف 34 روز سے دھرنا جاری ہے۔ یہ دھرنا حماس کے مقرب سمجھےجانے والے طلباء گروپ اسلامک بلاک کی اپیل پر جاری ہے۔
ع۔ح۔خ