بھٹکل میں آج سے شام چھ بجے سے صبح چھ بجے تک رہیں گے امتناعی احکامات: ہاٹ اسپاٹ علاقوں میں دن میں بھی رہے گی پابندی
12:40PM Fri 3 Jul, 2020
بھٹکل: 3 جولائی 20 (بھٹکلیس نیوز بیورو) بھٹکل میں کورونا کے بڑھتے معاملات کو روکنے کے لیے لاک ڈاؤن میں دی گئی نرمی میں تبدیلی کی گئی ہے اور آج 3 جولائی سے اگلے حکم تک یہاں میونسپال حدود، جالی پنچایت حدود اور ہیبلے پنچایت حدود میں شام 06:00 بجے سے صبح 06:00 بجے تک امتناعی احکامات نافذ کیے گئے ہیں جس میں طبی ضروریات اور ایمرجنسی کے علاوہ عوام کو باہر گھومنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ جبکہ آئندہ ایک مہینے تک ہر اتوار کو ریاست میں پورا دن مکمل لاک ڈاؤن رہے گا۔
اسسٹنٹ کمشنر نے آج یہاں اخباری کانفرنس میں اس کی اطلاع دیتے ہوئے کہا کہ بھٹکل میں کورونا کے معاملات میں اضافہ اور آگے بھی اس کے خدشات کو دیکھتے ہوئے چند محلوں کو مکمل سیل ڈاؤن کیا گیا ہے جہاں سیل ڈاؤن ہٹنے تک کسی بھی قسم کی سرگرمی انجام نہیں دی جائے گی اور ان محلوں میں دکانیں بھی بند رہیں گی۔
اسسٹنٹ کمشنر مسٹر ایس بھرت نے بتایا کہ ان اوقات کے علاوہ دن کے اوقات میں بھی ساٹھ سال سے اوپر کے افراد اور 10 سال سے کم عمر کے بچوں کو باہر گھومنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ اگر کوئی اس کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پایا جاتا ہے تو ان پر قانونی کارروائی کی جاسکتی ہے۔ اسسٹنٹ کمشنر نے یہ بھی بتایا کہ ساٹھ سال سے اوپر کے افراد کے لیے محلہ کے سرکاری اسکول میں 'فیور کلینک' بنائے گئے ہیں جہاں جاکر انہیں ہفتہ میں دو بار اپنی جانج کرانا لازمی ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ بھٹکل میں حالات ٹھیک ہونے تک شادی بیاہ کی تقریبات میں بھی سرکاری ہدایات پر سختی سے عمل کرایا جائے گا اور انتظامیہ کی جانب سے سخت نگرانی کی جائے گی۔
اس موقع پر اے ایس پی مسٹر نکھل بلاور نے کہا کہ عوام کو چاہئے کہ وہ خود سے اس بیماری کے تعلق سے بیدار رہیں۔ انہوں نے عوام اور خصوصی طور پر نوجوانوں سے گزارش کی کہ وہ غیر ضروری طور پر ادھر ادھر گاڑیوں پر گھومنے سے احتراز کریں تاکہ اس بیماری کے پھیلاؤ کو روکا جاسکے۔
موصوف اے ایس پی نے گھر سے نکلتے وقت ماسک پہننے، سماجی دوری کی پابندی کرنے اور اپنے ہاتھوں کی صفائی کرنے پر بھی زور دیا اور کہا کہ سرکاری طور پر جو بھی ہدایات دی جارہی ہیں اس پر عمل کرنے میں ہی سب کا بھلا ہے۔
اخباری کانفرنس میں تحصلدار روی چندرا بھی موجود تھے۔۔