مولانا ارشاد صاحب کے انتقال پرجامعہ اسلامیہ بھٹکل میں ایک تعزیتی نشست کا انعقاد
03:59AM Wed 19 Apr, 2017
بھٹکلیس نیوز / 18 اپریل، 17
بھٹکل / (راست) جامعہ اسلامیہ بھٹکل کے سابق مہتمم مولانا ارشاد صاحب کے انتقال پر کل بروز منگل سوا بارہ بجے جامعہ اسلامیہ جامعہ آباد بھٹکل کی وسیع مسجد میں ایک تعزیتی نشست منعقد کی گئی، اس نشست میں مقررین نے اپنے استاذ رحمہ اللہ کی خوبیوں کو گناتے ہوئے اپنے رنج و غم کا اظہار فرمایا۔ کسی نے مرحوم کے ساتھ اپنے قلبی تعلق کا اظہار کرتے ہوئے ان کے انداز تدریس و تعلم پر لب کشائی کی، تو کسی نے مولانا کے ساتھ گذارے حسین لمحات کا تذکرہ کیا، تو کسی نے ان کی یادوں کے بہترین نقوش سے آگاہ کرایا۔مولانا کی خصوصیات اس بات کی غماز تهی کہ مولانا کے اندر خود اعتمادی تھی، اور اسی صفت کو طلبائے جامعہ میں پیدا کرنے میں کوئی کسر نہیں چهوڑی، تربیتی اعتبار سے مولانا بڑے حساس تھے، ہر چھوٹی چیز پر نظر رکھتے، اور حکمت عملی سے اس کی اصلاح کی فکر کرتے، جامعہ کی تعلیمی وتربیتی فکر کے ساتھ جامعہ کی دیگر ضروریات کی تکمیل کے سلسلہ میں فکرمند رہتے، مرحوم ایک بڑے ادیب تھے، ہر بات کو اس کے سلیقہ کے ساتھ کہنے کا ہنر رکھتے تھے، بامحاورہ ترجمہ کرنے میں کمال رکھتے تھے، آپ قوی الحافظة تھے، نیز آپ بارعب شخصیت تھے، بسیط العلم والجسم تھے، قیام اللیل آپ کے معمولات میں سے تھا، ذکر سے زبان تر رہتی، جامعہ سے رخصتی کے بعد بھی اہل جامعہ و اہل بھٹکل سے خاصہ ضبط و تعلق رہا۔
واضح رہے کہ گذشتہ 5 سالوں سے جامعہ کو اپنے محسنین کی وفات سے بڑا خسارہ ہوا ہے۔ یقینا جامعہ قدیم اور بنیادی محنت کرنے والے محسنین کی کوششوں اور اسلاف کی فکروں کے باعث آج اس مقام پر ہے اور جس کے دامن میں رہ کر ہم فیض یاب ہورہے ہیں۔ لہذا معمول بنائیں کہ ہم اپنے محسنین کو ہر دعا میں شامل کریں۔
ان تمام باتوں کا اظہار آج کے مقررین مہتمم جامعہ اسلامیہ بهٹکل مولانا مقبول صاحب کوبٹے ندوی کے ساتھ مولانا عبدالعظیم صاحب قاضیا ندوی، مولانا الیاس صاحب ندوی، مولانا انصار صاحب خطیب ندوی مدنی، مولانا شعیب صاحب ندوی، مولانا زبیر صاحب ندوی، مولانا طلحہ صاحب ندوی اور مولانا سعود صاحب ندوی نے کی، اخیر میں مولانا خلیل الرحمن صاحب منیری کے صدارتی کلمات اور دعا پر جلسہ کا اختتام ہوا-
دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ آپ کی بال بال مغفرت فرمائے، ان کی قبر کو نور سے بھر دے، اور ان کے احسانات کا بدلہ جنت الفردوس میں مقام علیین سے عطا فرمائے۔ آمین