ریل مسافروں کی سہولت میں اضافہ: اب کاؤنٹر ٹکٹ بھی آن لائن منسوخ ہوں گے
10:11AM Sat 30 Apr, 2016
نئی دہلی۔ ریلوے کے وزیر سریش پربھو نے ریل مسافروں کی سہولت میں اضافہ کرتے ہوئے مسافروں کو کاؤنٹر سے خریدے گئے ریزرو ٹکٹ، ٹیلی فون پر 139 ہیلپ لائن فون کرنے یا ایس ایم ایس کر کے اور انٹرنیٹ پر آئی آرسی ٹی سی ویب سائٹ کے ذریعے منسوخ کرنے کی سہولت کا افتتاح کیا۔ ریل بھون میں منعقدہ ایک تقریب میں مسٹر پربھو نے غیر ملکی شہریوں کو ہندوستانی ریل کے ٹکٹ کی بکنگ براہ راست کرنے کی سہولت دیتے ہوئے آئی آرسی ٹی سی ویب سائٹ سے بین الاقوامی ڈیبٹ اور کریڈٹ کارڈ کے استعمال کا بھی افتتاح کیا۔
اس موقع پر ریلوے کے وزیر مملکت منوج سنہا، ریلوے بورڈ کے چیرمین اے كے متل، ریلوے بورڈ میں رکن (ٹریفک) محمد جمشید بھی موجود تھے۔ مسٹرپربھو نے ان کی خدمات کے آغاز کو ڈیجٹل انڈیا کی سمت میں ایک اور پہل بتاتے ہوئے کہا کہ اس سے نقد کاروبار کم ہو جائے گا۔ انہوں نے مسافر کرایوں اور مال بھاڑوں کو ریلوے کی آمدنی کا اہم ذریعہ بتاتے ہوئے کہا کہ مسافر اور مال گاڑی خدمات کی بہتری کے لیے مزید کوششیںکی جائیں گی اور سفر میں آنے والی پریشانیوں کو کم سے کم کرنے کی پوری کوشش کی جائے گی۔