میرٹھ : مدرسہ میں شراب کی بوتلیں پھینک کر ماحول خراب کرنے کی سازش ، شکایت درج

02:12PM Sat 14 Mar, 2020

کل رات دو شرپسندوں نے میرٹھ میں ماحول کو خراب کرنے کی کوشش کی ۔ میرٹھ  کے ہاپوڑ روڈ پی اے سی ٹریننگ سینٹر کے سامنے مدرسہ جامعہ مدنیہ میں دیر رات دو اسکوٹر سوار شرپسندوں نے مدرسہ کے صحن اور مسجد میں شراب کی بوتلیں پھینک کر ماحول کو خراب کرنے کی کوشش کی ۔ پھینکی گئی شراب کی بوتلوں کے ٹکڑے مدرسے کے آنگن سے لیکر مسجد کے صحن تک بکھر گئے ۔ مدرسہ منتظمین کے مطابق اس واقعہ کے فورن بعد پولیس کو اس کی اطلا دی گئی  ۔ پولیس نے تحریر لے کر نامعلوم افراد کے خلاف جانچ کرنے کی بات کہی ہے ۔ مدرسہ منتظمین کے مطابق اس سے قبل بھی مقامی شرپسندوں کے ذریعہ ماحول کو خراب کرنے کی کوششیں انجام دی جاتی رہی ہیں ۔ تاہم حالات کی نزاکت کو پیش نظر رکھتے ہوئے مدرسہ انتظامیہ نے قانونی طریقہ سے کارروائی کی پیشرفت کی تھی ۔ لیکن ایک بار پھر اس طرح کی حرکت انجام دی گئی جو ماحول کو فرقہ وارانہ رنگ دینے کی ایک سازش تھی ۔
منتظمین کے مطابق مدرسہ میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب ہیں ، لیکن شرپسندوں نے پہلے سے کیمرے کا اندازہ کرکے بچتے ہوئے اس حرکت کو انجام دیا ۔ اس سے معلوم ہوتا ہے کہ فتنہ پھیلانے کی کوشش کرنے والے مقامی افراد ہیں اور ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت اس طرح کی حرکت انجام دے رہے ہیں ۔ فی الحال مدرسہ انتظامیہ نے پولیس میں شکایت کی ہے  اور پولیس نے تحریر لے کر کارروائی کی یقین دہانی کرائی ہے ۔