ماحول سے مطابق فصلوں کاانتخاب ضروری

02:41PM Sun 21 May, 2017

بنگلورو۔(بھٹکلی نیوز )ریاستی زرعی قیمت کمیشن کے چیرمین نے کسانوں کو آواز دی کہ وہ ماحول کے مطابق فصلوں کا انتخاب کریں، کیونکہ اس سے انہیں کافی فائدہ ہوگا۔ہبال میں منعقدہ کارگاہ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے بتایاکہ فصلوں کی بہتری کیلئے مٹی کافی اہمیت رکھتی ہے۔ مٹی میں بورن کی کمی سے فصلیں کم ہوسکتی ہیں۔ گزشتہ دس سال کے دوران ریاست میں زرعی تبدیلی آئی ہے۔ یہاں پر گنا ، کپاس ، جوار، اور سپاری کی کاشت ہوتی ہے جبکہ سبزیوں میں ٹماٹر اور پیاز کو ترجیح دی جاتی ہے۔ انہوں نے بتایاکہ ماحول مٹی اور دیگر چیزوں کا جائزہ لے کر فصلوں کا انتخاب کیاجانا چاہئے، مثال کے طور پر کولار میں ٹماٹر کی کاشت مناسب نہیں ہے۔ کیونکہ سطح آب اور بارش کا جائزہ لینا بے حد ضروری ہے۔ کسانوں کو چند فصلوں کیلئے افزود خرچ کے باوجود منافع نہیں ہوپاتا ہے، جس کیلئے کسانوں کو تائیدی قیمت فراہم کی جاتی ہے، اس موقع پر ناگپور کے ماہرزراعت ڈاکٹر ایس چٹرجی نے ریسرچ کے نتائج کو کسانوں تک پہنچانے کی ضرورت پرزور دیا۔اس موقع پر ڈاکٹر راجیندرا ہیگڈے ، ڈاکٹر ایس سی رمیش کمار کے علاوہ ماہرین زراعت اورسائنسدان موجود تھے۔