بی ایم جے قطر کی طرف سے شاندار عید ملن تقریب
01:19PM Sat 1 Jul, 2017
بھٹکلیس نیوز / 01 جولائ، 17
قطر / (راست) امسال بی ایم جے قطر کی طرف سے عید ملن پروگرام عید کے دسرے دن تاج رویل ہوٹل میں شاندار طریقہ پر منعقد ہوا جس میں بھٹکل کی مشہور شخصیت جناب عنایت اللہ شابندری صاحب نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی جبکہ پروگرام کی صدارت مولانا عبدالعظیم رکن الدین ندوی کر رہے تھے۔
پروگرام کا آغاز احمد عویمر ابن مولانا فضیل احمد آرمار کی تلاوت سے ہوا جبکہ اس کے بعد نور عرفات ابن محمد عرفان محتشم نے نعت پاک کا نذرانہ پیش کیا۔ جماعت کے جنرل سکریٹری جناب عبدالغنی علی اکبرا صاحب نے اس کے بعد مہمانوں کا استقبال کرتے ہوئے انہیں عید سعید کی مباکباد دی۔
اس موقع پر مولانا اظہر ندوی نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی دونوں عیدیں اللہ کے ایک بڑے حکم کے ادا کرنے کے بدلہ میں منائی جاتی ہیں جس نے ماہ رمضان کو غنیمت سمجھا اور اللہ کو راضی کرنے کی محنت کی تو اس کی محنت کا پھل اسے ضرور ملے گا۔ انہوں نے ماہ رمضان کو ٹریننگ کا مہینہ قرار دیتے ہوئے رمضان میں ہونے والے اعمال پر استقامت اور ثابت قدم رہنے کی ترغیب دلائی۔
مہمان خصوصی جناب عنایت اللہ شابندری صاحب نے اپنے آنے کا مقصد بیان کرتے ہوئے مجلس اصلاھ و تنظیم کی مختلف سرگرمیاں حاضرین کے سامنے رکھیں اور ساتھ ہی بھٹکل کے حالات سے بھی حاضرین کو آگاہ کیا۔
پروگرام میں لکی ڈرا بھی رکھا گیا تھا جس میں کل اٹھارہ انعامات تقسیم ہوئے جہاں اول انعام اسپلنڈر جناب مولانا فضیل آرمار صاحب کی قسمت میں آیا تو دوسرا انعام عمرہ پیکیج کی صورت میں مولانا یحیٰ برماور صاحب کے حصہ میں آیا۔ صدارتی کلمات پر اس اجلاس کا اختتام ہوا۔ اس عید ملن پروگرام کو دلچسپ بنانے کے لئے اس میں کوئز مقابلہ اور ایک منٹ کے شو بھی رکھے گئے تھے جبکہ پروگرام سے قبل شرکاء کی پرشکوہ خاطر تواضع کی گئی تھی۔