ریاست اترپردیش میں بی جے پی کی کامیابی کے بعد عید میلادالنبی اور جمعۃ الوداع سمیت 15 چھٹیاں ختم
04:20PM Wed 26 Apr, 2017
اترپردیش۔ (بھٹکلیس نیوز)ریاست اترپردیش میں بی جے پی کی نومنتخب حکومت نے جمعۃ الوداع اور عید میلادالنبی سمیت 15 عام تعطیلات کو ختم کرنے کا اعلان کردیا۔برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق یہ بات وزیر اعلیٰ یوگی آدتیا ناتھ کے دفتر کی جانب سے کی جانے والی ٹویٹس میں سامنے آئی ہے۔ ٹویٹ کے مطابق حکومت کا یہ فیصلہ رواں سال سے ہی نافذالعمل ہوگا۔منسوخ کی جانے والی عام تعطیلات میں جمعۃ الوداع، عید میلادالنبی اور مہارشی بالمیکی جینتی جیسی اہم تعطیلات بھی شامل ہیں۔اس کے علاوہ خواجہ معین الدین چشتی، چندر شیکھر، پرشورام، سردار ولبھ بھائی پٹیل اور چودھری چرن سنگھ کی یوم پیدائش پر ہونے والی تعطیلات کو بھی ختم کیا جا رہا ہے۔ ٹویٹس میں کہا گیا ہے کہ عظیم شخصیتوں کے یوم پیدائش کے موقع پر ریاست کے تمام تعلیمی اداروں میں ان کی شخصیت، کارناموں اور تحریک دینے والی تعلیمات کو موجودہ نوجوان نسل تک پہنچانے کے مقصد سے کم از کم ایک گھنٹے کی نشست منعقد کی جائے گی۔