سرکاری اسکیموں کو بند کرنا غلط: رمیش کمار
04:15PM Wed 11 Jan, 2017
بنگلورو۔(بھٹکلیس نیوز)وزیر صحت وخاندانی بہبود رمیش کمار نے آج اس بات پر تشویش کا اظہار کیا کہ چند پرائیویٹ اسپتالوں میں 16جنوری سے سرکاری ہیلتھ اسکیموں کو بند کرنے کا فیصلہ لیاگیا ہے، جس سے عوام کو دشواریوں کا سامنا ہوسکتا ہے۔ اخباری نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایاکہ حکومت نے کبھی سرکاری اسکیموں سے متعلق واجب الادا رقم نہ دینے کا فیصلہ نہیں لیا ہے، اور نہ ہی اس بات کا علم انہیں ہے ۔ بقیہ رقم حکومت ادا کرے گی، مگر اچانک اس طرح کا فیصلہ لینا درست نہیں ہے۔ ان کے مطابق وزیراعلیٰ نے بھی واجب الادا رقم ادا کرنے کا تیقن دیا ہے۔ انہوں نے بتایاکہ اس طرح کی ہیلتھ اسکیموں کو بند کرنے سے قبل پرائیویٹ اسپتالوں کو چاہئے تھاکہ وہ حکومت کے ساتھ گفتگو کرتے مگر ایسا نہ کرتے ہوئے پرائیویٹ اداروں نے عوام کے مسائل میں اضافہ کردیا ہے۔ انہوں نے بتایاکہ پرائیویٹ اسپتالوں میں فیس مقرر کرنے سے متعلق ریٹائرڈ جج جسٹس وکرم جیت سین کی قیادت میں کمیٹی تشکیل دی گئی ہے، جس کی رپورٹ موصول ہونے کے بعد اس خصوص میں اقدامات کئے جائیں گے۔
اسکول چندنا پروگرام،بنگلورو۔19تا21جنوری گدگ ضلع کے لکشمیشور میں اسکول چندنا پروگرام میں بھارت رتن پروفیسر سی این آر راؤ اور پروفیسر اندو متی سی این آر راؤ کی قیادت میں ہائی اسکول اور پی یو طلبا کو سائنس آؤٹریج تربیت کا اہتمام کیاگیا ہے۔ پروفیسر سی این راؤ اور اندومتی سی این آر راؤ اپنے دس معروف سائنسدانوں کے ہمراہ طلبا کو تربیت دیں گے۔ تین روزہ تربیتی پروگرام میں پانچ اضلاع کے مختلف تعلیمی اداروں سے ایک ہزار طلبا ،اساتذہ اور پروفیسرس شرکت کریں گے۔ اس پروگرام میں وزیر برائے بنیادی وثانوی تعلیمات گدگ ضلع کے انچارج وزیر ، اراکین پارلیمان اور اسمبلی شرکت کریں گے۔