ڈی ایم آر سی نے بنایا ایک اور ریکارڈ ، دہلی میں چلائی ڈرائیور کے بغیر میٹرو
03:22PM Wed 18 May, 2016
نئی دہلی : دنیا میں اپنی پہچان قائم کر چکی دہلی میٹرو نے منگل کو ایک اور کامیابی حاصل کر لی۔ ڈی ایم آر سی یعنی دہلی میٹرو ریل کارپوریشن نے پہلی مرتبہ ڈرائیور کے بغیر میٹرو ٹرین کا ٹرائل کیا۔ شہری ترقی کے مرکزی وزیر وینکیا نائیڈو اور دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے ڈرائیور کے بغیر میٹرو ٹرین کو ہری جھنڈی دکھاکر روانہ کیا ۔ ملک میں پہلی مرتبہ ایسا ٹرائل رن کیا گیا ہے۔
مکندپور ڈپو سے اس ٹرین کو ہری جھنڈی دکھائی گئی۔ مكندپور ڈپو سے نو تعمیر شدہ مجلس پارک میٹرو اسٹیشن کے درمیان 600 میٹر کے فاصلے پر اس کا ٹرائل کیا گیا۔ وینکیا نائیڈو اور کیجریوال نے شام کو ہری جھنڈی دکھا کر ملک کی پہلی بغیر ڈرائیور میٹرو ٹرین کو روانہ کیا۔
یہ میٹرو کمپیوٹر نیٹ ورک کی طرف خود کار طریقے سے آپریٹ ہو گی۔ تاہم شروع میں ان میں آپریٹر موجود رہیں گے ، تاکہ ضرورت پڑنے پر بریک لگا سکیں اور اسٹارٹ کر سکیں۔ سیکورٹی کے معیار پر کھرا اترنے اور مکمل طور پر مطمئن ہونے کے بعد ہی انہیں ڈرائیور کے بغیر چلایا جائے گا۔ ڈرائیور کے بغیر میٹرو کے ٹرائل کے لئے ابھی فاصلہ بہت کم رکھا گیا ہے۔ جولائی سے بلیو لائن پر جنک پوری ویسٹ سے بوٹینیكل گارڈن (نوئیڈا) اسٹیشن کے درمیان اور ستمبر سے مجلس پارک سے شیو وہار میٹرو اسٹیشن کے درمیان مرحلہ وار طریقے سے ڈرائیور کے بغیر ٹرینوں کے ٹرائل شروع کرنے کا ارادہ ہے۔