ماریشس سے تشریف لائے اردو اساتذہ کے لیے جے این یو میں الوداعیہ تقریب
12:51PM Sun 7 Jan, 2018
بھٹکلیس نیوز / 07 جنوری،2018
آج سہ پہر تین بجے ہندستانی زبانوں کا مرکز جواہر لعل نہرو یونیورسٹی میں ماریشس سے تشریف لائے اردو اساتذہ ڈاکٹر آصف علی محمداورتاشیانہ شامتلی کی ماریشس واپسی کے موقعے پر ایک الوداعیہ تقریب منعقد کی گئی جس میں خاص طور پر عالمی اردو ٹرسٹ کے چئیر مین اے رحمان اور دہلی یونیورسٹی کے ڈاکٹر محمد کاظم نے شرکت کی ۔ اس موقعے پر جواہر لعل نہرو یونیورسٹی کے پرو فیسر خواجہ اکرام الدین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اردو کے واسطے سے ہندستان اور ماریشس میں جو جذباتی اور ثقافتی تعلقات قائم ہوئے ہیں وہ نہ صرف اردو بلکہ دونوں ممالک کے مابین دوستی کے لیے نیک فال ہے۔ چئیر مین عالمی اردو ٹرسٹ نے دونوں اساتذہ کو ٹرسٹ کے ذریعے شائع شدہ کتابیں اور خصوصاً تازہ ترین اشاعت شکیل شمسی کا شعری مجموعہ ’’ حرف حرف دل‘‘ پیش کیا اور کہا کہ عالمی اردو ٹرسٹ کی جانب سے ماریشس میں اردو کے فروغ کے لیے کئی اقدامات کیے جائیں گے ۔ڈاکٹر کاظم نے ماریشس میں اردو کے فروغ کئے لیے ان کی کاوشوں کوسراہا اور امید ظاہر کی کہ اس قسم کے ادبی اور ژقافتی تبادلے جاری رہیں گے۔ ڈاکٹر آصف اور تاشیانہ نے ہندستان اور اردو سے اپنی محبتوں کا اظہار کیا ۔ہندستانی زبانوں کی جانب سے بھی پرفیسر خواجہ اکرام نے کئی کتابیں اور تحائف پیش کیے ۔