اوم پرکاش ریاستی پولیس کے اگلے ڈی جی پی ہوں گے
04:00PM Thu 26 Feb, 2015
بھٹکلیس نیوز/26فروری،15
بنگلورو(ایجنسی) ریاستی حکومت نے سب سے سینئر آئی پی ایس آفیسر ڈائرکٹر جنرل آف پولیس فائر فورس اوم پرکاش کو نئے ڈائرکٹر جنرل آف پولیس مقرر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔28 فروری کو موجودہ ڈی جی پی لال رکم پچاؤ سبکدوشی کے ساتھ ہی مسٹر اوم پرکاش اپنے نئے عہدکا جائزہ لے لیں گے۔ حالانکہ ان کے ساتھ دو اور سینئر آئی پی ایس افسران سوشانت مہا پاترا اور روپ کمار دتہ بھی ڈی جی پی کا عہدہ حاصل کرنے کی رسہ کشی میں شامل تھے۔ تاہم ریاستی حکومت نے اس ضمن میں کسی بھی قانونی جھمیلے کو دعوت دینے سے گریز کرتے ہوئے سب سے سینئر افسر اوم پرکاش کو یہ ذمہ داری دینے پر اتفاق کرلیا ہے۔ حالانکہ روپ کمار دتہ فی الوقت سی بی آئی کے اسپیشل ڈائرکٹر کے عہدہ پر فائز ہیں،حکومت نے انہیں ڈی جی پی کا عہدہ دینے کا منصوبہ بنایا تھا، لیکن ایک اور سینئر آئی پی ایس آفیسر ہیمنت نمبالکر کے گھر پر چھاپہ مارنے کے الزام میں مسٹر روپ کمار دتہ پر سپریم کورٹ نے سرزنشی جملے تحریر کئے ہیں۔ ماہرین قانون کے مشورے پر حکومت نے اس بنیا د پر روپ کمار دتہ کا نام ترک کردیا، جس کے بعد اوم پرکاش کو ڈی جی پی کے طور پر مقرر کرنے پر اتفاق کیا جاچکا ہے۔ اوم پرکاش ریاست میں1981کیڈر کے آئی پی ایس افسر ہیں۔ اڈپی میں بحیثیت سے اے ایس پی انہوں نے خدمات کا آغاز کیاتھا، بعد میں چکمگلور ، شیموگہ اور کاروار میں ایس پی رہے۔ 1992 میں بابری مسجد کی شہادت کے مرحلے میں مسٹر اوم پرکاش شیموگہ کے ایس پی رہے۔ اور انہیں یہ امتیاز حاصل ہے کہ انہوں نے اپنے ضلع میں کہیں بھی فساد ہونے نہیں دیا۔اس سے پہلے 1990 میں بھٹکل فسادات کو قابو میں کرنے کیلئے ریاستی حکومت نے خاص طور پر مسٹر اوم پرکاش کو متعین کیا تھا۔1995 میں وہ ڈی آئی جی بنے، 2001 میں آئی جی پی کے عہدہ پر فائز ہوئے، 2009 میں اڈیشنل ڈائرکٹر جنر ل آف پولیس بنایا گیا۔ 2012میں ڈی جی پی فائر فورس کے عہدہ پر مقرر ہوئے۔ انہوںنے نمایاں خدمات کے عوض صدارتی میڈل، وششٹ سیوا میڈل اور دیگر اعزازات حاصل کئے ہیں۔
ع،ح،خ
عع،ھ،