چرخہ فیچرس کے ڈپٹی ایڈیٹرمحمدانیس الرحمٰن نیشنل میڈیا ایوارڈ سے سرفراز
02:19PM Fri 3 Mar, 2017
نئی دہلی ، (بھٹکلیس نیوز)دہلی میں واقع نیشنل فاؤنڈیشن فار انڈیا کے جانب سے ۲مارچ کو ہوئی ایک پُر وقار تقریب میں ملک بھر میں تین زبانوں اردو،ہندی اور انگریزی میں چلائی جانے والی چرخہ فیچرس سروس کے ڈپٹی ایڈیٹر محمدانیس الرحمٰن خان کومشہور صحافی،کالم نگاراورایمینسٹی انٹر نیشنل کے چیف ایکزیکٹیو ڈائریکٹرجناب آکار پٹیل اور پلاننگ کمیشن کی سابق رکن سیدہ سیدین حامد کے ہاتھوں دہلی میں لودھی روڈ پر واقع انڈیا ہبیٹیٹ سنٹر کے بارونق آنگن میں" 2017 نیشنل میڈیا ایوارڈ"سے نوازہ گیا۔ اس موقع پر ارون میرا،سابق رکن پلاننگ کمیشن،محترمہ نیرا چندھوکے سابق پروفیسر دہلی یونیورسٹی کے علاوہ کئی معزز شخصیتیں بھی موجودتھیں۔تقریب کے بعد چرخہ کے چیف ایکزیکیٹیو آفیسر مسٹر ماریونرونہ نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ "یہ چرخہ اور ملک بھر میں پھیلے چرخہ کے دیہی قلم کاروں کے لئے ایک خوشی اور فخر کا موقع ہے کہ ہمارے ڈپٹی ایڈیٹر کو ان کی بہتر ین تحریری صلاحیتوں کی وجہ سے یہ نیشنل لیول کا ایوارڈ حاصل ہوا ہے ، جس سے نہ صرف ہماری تنظیم کے ماتحت چلنے والی چرخہ فیچر سروس کا نام روشن ہوا ہے بلکہ ملک بھر میں پھیلے ہمارے دیہی قلم کاروں کو اس بات کا بھی فخر ہے کہ ان کے استاد اورمیڈیا کے میدان میں ان کی رہنمائی کرنے والے چرخہ کے ڈپٹی ایڈیٹر کو یہ مقام حاصل ہوا ہے"۔اس موقع پر ہندی کی ایڈیٹر محترمہ نکہت پروین انگریزی کی ایڈیٹر محترمہ سجاتا راگھون اور آئی ٹی منیجر مسٹر سنجے مشرا نے بھی اپنی نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے محمد انیس الرحمٰن خان کو مبارک باد ی۔