نعت خوانی مسابقہ کا کامیاب انعقاد
06:59AM Mon 8 May, 2017
بنگلورو۔ (بھٹکلیس نیوز)بچوں میں نعت خوانی کو فروغ دینے اور ان میں نعت خوانی کا شوق وذوق پیدا کرنے کی غرض سے ’’ادارہ محفل‘‘ نے نعت خوانی مسابقہ کا انعقاد بمقام زم زم شادی محل رشاد نگر بنگلورمیں کیا گیا جس کی صدارت مولانا مفتی محمد حسین معدنی قاسمی صاحب نے کی۔ اپنی صدارتی تقریر میں آپ نے اس قسم کے جلسوں کے انعقاد کو ضروری قرار دیا تاکہ بچوں میں دینی شعور اور فخر موجودات حضرت محمدؐ سے عشق وعقیدت پیدا ہو جو کہ ہماری زندگیوں کی اثاث ہے ۔ ڈاکٹر انور شریف صاحب چیرمین کرول گروپ آف کمپنیس جو کہ اس جلسہ کے مہمان خصوصی تھے حالات حاضرہ کے پیش نظر مسلمانوں کو ان کی ذمہ داریوں کا احساس دلایا اور ملی اتحاد واتفاق پر زور دیا۔ آپ نے کہا کہ ایسے اجلاس وقتاً فوقتاً منعقد ہوتے رہنا چاہئے اور اس سلسلہ میں اپنے بھرپور تعاون کی امید بھی دی۔ ساتھ ہی مرکزی اور ریاستی حکومتوں کی طرف سے اقلیتوں کو بالخصوص تعلیمی میدان میں جو سہولتیں اور گرانٹس حاصل ہیں ان کا ذکر کرتے ہوئے حاضرین سے کہا کہ ان کا فائدہ اٹھائیں اور اپنے بچوں کو اعلیٰ تعلیم یافتہ بنائیں جو کہ آج وقت کی اہم ضرورت ہے ساتھ ہی تحفظ صحت، روزگار کے مواقع اور فنی مہارت کی طرف بھی توجہ دلائی۔ مختلف مدارس ومساجد سے کل30بچوں نے جن کی عمر18سال کے اندر تھی اس مسابقہ میں حصہ لیاان میں تین بچے پہلے، دوسرے اور تیسرے انعام کے مستحق قرار دئے گئے جنہیں ٹرافیس دی گئیں۔ جناب سلیم ہزاروی اور جناب انہر سعودی نے حَکم کے فرائض انجام دئے۔ تمام بچوں کو ان کی ہمت افزائی کے لئے جامعہ فضیلت القرآن جامع نگر کی جانب سے نقد انعامات بھی دئے گئے۔ محفل کے صدر جناب نیاز الدین نیاز نے بتایا کہ یہ افتتاحی پروگرام تھا اس طرح کے اور بھی پروگرام منعقد ہوں گے اور فائنل راؤنڈ میں انعام یافتگان بچوں کو نقد انعامات سے نوازا جائے گا اور انشاء اللہ یہ سلسلہ جاری رہے گا۔ اس موقع پر حاضر حضرت قبلہ عظمت اللہ سیلانی صاحب نے بچوں کو دعائیں اور جلسہ کی کامیابی پر مبارکباد دی۔ عبدالمجید اردو پرڈیوسر دور درشن کیندرا بنگلور،زم زم حافظ محمد حبیب اللہ مالک زم زم شادی محل ،عاقل شاہ مدنی، صدر مسجد الکریم،مولانا مطہر سراجی مہتمم مدرسہ فضیلت القرآن، شیوکمار، وارڈ پرسیڈنٹ ناگوار، محمد فاروق جنرل سکریٹری بنگلور سٹی یوتھ رونق شہ نشیں رہے۔ قرأت ، نعت شریف کے بعد سلیم ہزاروی نے خطبہ اسقبالیہ پیش کیا۔ نظامت کے فرائض منیر احمد جامی نے نبھائے۔