وزارت داخلہ نے منی پور کے کھلاڑیوں کو ایوارڈ دے کر ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی؟
02:37PM Thu 2 Mar, 2017
نئی دہلی، (بھٹکلیس نیوز)وزارت داخلہ کی بلڈنگ میں ریو اولمپک میں حصہ لے چکے سات کھلاڑی آئے،یہاں انہیں ایک نہیں بلکہ دودووزراء،وزیرمملکت برائے داخلہ کرین رجیجو اور شمال مشرقی ریاستوں کے وزیر جتندر سنگھ نے ایوارڈ سے نوازا، انہیں دودولاکھ روپے انعام میں دئیے گئے ۔یہ الگ بات ہے کہ سات میں سے پانچ کھلاڑی منی پور ریاست کے تھے، جہاں اگلے دو مراحل میں انتخابات ہونے والے ہیں ۔ ایسے میں اب یہ سوال پیداہوتا ہے کہ کیا یہ پروگرام انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی نہیں ہے ؟۔پروگرام میں تقریرکے دوران بھی شمال مشرقی علاقے سے وابستہ وزارت کے وزیر نے اشارے میں کہا کہ وزیراعظم چاہتے ہیں کہ نارتھ ایسٹ آگے بڑھے،مرکزی حکومت نے منی پور میں اسٹیڈیم بنانے کے لیے فنڈبھی دیاہے لیکن اسٹیڈیم کاکام رکا ہوا ہے۔مرکزی وزیر جتندر سنگھ نے کہاکہ زمین تو مل گئی ہے لیکن کام رکا ہوا ہے، امیدکی جانی چاہیے کہ11؍مارچ کے بعد کام شروع ہو جائے گا۔حالانکہ وزیر مملکت برائے داخلہ کرین رجیجو کا کہنا ہے کہ اس پروگرام کوالیکشن سے نہیں جوڑا جا نا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ 6 ماہ سے اس کی منصوبہ بندی کی جا رہی تھی، اس کاالیکشن سے کوئی لینادینانہیں ہے ۔