سعودی عرب: حج پرمٹ منسوخی فیس اوقات کے لحاظ سے مختلف ہو گی
03:36PM Mon 13 Mar, 2017
سعودی وزارت حج کے اعلان کے مطابق حج پرمٹ منسوخی فیس کی رقم ادائیگی سے قبل اور بعد میں مختلف ہوں گی۔ ادائیگی سے قبل منسوخی "سِول اسٹیٹس اینڈ پاسپورٹ ڈپارٹمنٹ" کی منظوری کے بعد حج ایجنٹ کے ذریعے ہوگی۔ وزارت داخلہ کی جانب سے مسترد کیے جانے کی صورت میں متعلقہ شخص کو " سِول اسٹیٹس اینڈ پاسپورٹ ڈپارٹمنٹ" کی منظوری کے بعد حج ایجنسی سے ہی رابطہ کرنا ہوگا۔ البتہ مطلوبہ فیس کی ادائیگی اور پرمٹ کے چھپ جانے کے بعد، منسوخی کی درخواست براہ راست حج ایجنٹ کوجمع کرائی جائے گی اور اس کو قوانین اور پالیسی کے مطابق نمٹایا جائے گا۔
مقررہ فیس کی ادائیگی سے قبل پرمٹ منسوخ کرانے کی صورت میں کوئی اضافی فیس لاگو نہیں ہوگی۔ اگر وزارت داخلہ کی جانب سے اجازت منسوخ کی گئی تو منسوخی فیس 25 ریال فی عازم حج ہو گی اور اس کے علاوہ اضافی 5 ریال بینک ٹرانسفر کی مد میں لیے جائیں گے۔ پرمٹ کے چھپ جانے اور 25 ذوالقعدہ سے قبل منظوری حاصل کرنے کی صورت میں منسوخی فیس 50 ریال فی عازم حج ہو گی اور اس کے علاوہ اضافی 5 ریال بینک ٹرانسفر فیس ہو گی۔
اگر پرمٹ کی منسوخی 25 ذوالقعدہ سے یکم ذوالحجہ کے درمیان ہوتی ہے تو بھی منسوخی فیس 50 ریال ہوگی۔ فیس کی واپسی کا عمل 4 دنوں میں مکمل ہوگا۔ ادائیگی کا عمل پورا ہونے کے بعد کوئی بھی شخص آن لائن ذریعے سے معاہدے کی ایک کاپی حاصل کر سکتا ہے۔
وزارت حج کے اعلان کے مطابق مقامی عازمین حج بکنگ کا عمل مکمل ہونے پر درج ذیل معلومات حاصل کر سکیں گے : بکنگ نمبر ، قیمتوں اور فیس کی تفصیلات ، فی کس پروگرام فیس ، پروگرام کی نوعیت اور اس کی تفصیلات ، حج ایجنسی کا نام ، پتہ اور اس کے پرمٹ کا نمبر ، اکاؤنٹ نمبر ، ادائیگی کی آخری تاریخ ، ادائیگی کی حالت اور ریزرویشن کرانے والے افراد کے نام اور تفصیلات۔
وزارت حج نے واضح کیا ہے کہ اگر حج ایجنسی کی جانب سے اضافی رقم طلب کی جائے جس کی نشان دہی بکنگ ریکارڈ میں نہیں کی گئی ہو تو ایسی صورت میں ایک تحریری شکایت کیس کی تفصیلات کے ساتھ وزیر حج کے دفتر ارسال کی جا سکتی ہے۔ اگر فیس کی رقم میں فرق پایا گیا تو متعلقہ فریقوں کو ایک خط ارسال کیا جائے گا۔ اگر یہ خط موصول نہ ہوا تو فوری طور پر منتظمین تک تفصیلی شکایت پہنچائی جائے جس میں بکنگ نمبر شامل ہو۔
وزارت حج کا کہنا ہے کہ اندراج کے عمل اور برقی حج پرمٹ کا مقصد یہ ہے کہ شہریوں اور مقیم افراد کو وزارت حج کی جانب سے لائسنس یافتہ حج ایجنسیوں تک پہنچنے اور فیس کے تصفیے میں مدد کی جائے۔