مصر میں پہلی مرتبہ قبطی مسیحی خاتون کا صوبائی گورنر کے عہدے پر تقرر
03:58PM Thu 30 Aug, 2018
قاہرہ ۔ ایجنسیاں
مصرکے صدرعبدالفتاح السیسی نے پہلی مرتبہ ایک قبطی عیسائی خاتون ایک صوبے کا گورنرمقرر کیا ہے اور اس خاتون سمیت جمعرات کو مختلف صوبائی گورنروں سے ان کے عہدے کا حلف لیا ہے۔
صدرالسیسی نے منال عواد میخائل کو صوبہ دمیاط کی نئی گورنر مقرر کیا ہے۔اس سے پہلے وہ صوبہ جیزہ کے گورنر کی نائب کے طور پر خدمات انجام دے رہی تھیں۔
صدر السیسی نے جمعرات کو صوبہ قاہرہ ، جیزہ ، الاقصر ، اسوان اور شمالی سیناء کے نئے گورنر مقرر کیے ہیں۔
انھوں نے گذشتہ سال صوبہ بحیرہ میں پہلی مرتبہ کسی خاتون کو گورنرمقرر کیا تھا۔انھیں بھی آج تبدیل کردیا گیا ہے۔
قبطی عیسائی مصرکی کل آبادی قریباً دس کروڑ کا دس فی صد ہیں اوروہ ایک طویل عرصے سے امتیازی سلوک کی شکایت کرتے چلے آرہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ان کی اعلیٰ حکومتی عہدوں پر نمایندگی نہیں ہے۔
واضح رہے کہ مصر کی موجودہ کابینہ میں آٹھ خواتین وزراء شامل ہیں ۔اس ملک کی جدید تاریخ میں کابینہ میں خواتین کی یہ سب سے زیادہ نمایندگی ہے۔