الامین ایجوکیشنل سوسائٹی کی جانب سے مولانا الیاس جاکٹی صاحب کو ایوارڈ

03:51PM Fri 6 Sep, 2019

بنگلور: 6 ستمبر،2019 (بھٹکلیس نیوز بیورو) بین الاقوامی طور پر شہرت یافتہ بھٹکل کی مشہور علمی شخصیت جناب مولانا الیاس جاکٹی صاحب کو آج الامین ایجوکیشنل سوسائٹی کی جانب سے آپ کی علمی خدمات پر تہنیت کرتے ہوئے ایوارڈ سے نوازا گیا۔ مولانا محترم کو یہ ایوارڈ مولانا ابوالحسن اسلامک اکیڈمی کی جانب سے چلائے جارہے اسلامیات نصاب کی کتابوں کی ترتیب اور ان کی دیگر علمی کاوشوں پر دیا گیا ہے۔ سابق وزیر خارجہ جناب سلمان خورشید صاحب کی صدارت میں منعقد الامین ایجوکیشنل سوسائٹی کے اس فاؤنڈرس ڈے تقریب میں مولانا الیاس صاحب نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے الامین سوسائٹی کی تعلیمی خدمات کو سراہا اور سوسائٹی کے بانی ڈاکٹر ممتاز صاحب کو مبارکباد پیش کی۔ مولانا محترم نے اس موقع پر تعلیم کو دین اور تربیت سے قریب لانے کا ذریعہ بنانے کی ترغیب دی اور کہا کہ جو تعلیم اقرآ کے ساتھ ساتھ باسم ربک الذی خلق سے نہ جڑی ہو تو وہ تعلیم انسان کو گمراہ کر دیتی ہے۔ اس اجلاس میں حفاظ کرام کی دستار بندی کی گئی اور کئی دیگر شخصیات کی تہنیت بھی کی گئی۔ تقریب میں ڈاکٹر ممتاز، جناب ریاض فاروقی، حافظ امجد کرناٹکی، جناب مولانا شاکراللہ رشادی صاحب اور دیگر موجود تھے۔