مارچ سے پی یو سی امتحانات
04:31AM Fri 6 Mar, 2015
بھٹکلیس نیوز / 06 مارچ، 15
بنگلورو/ (ایجنسی) 12 مارچ سے ریاست بھر میں پی یو سی سال دوم کے امتحانات کا آغاز ہوگا، جس کیلئے محکمہ پری یونیورسٹی نے تمام ترتیاریاں مکمل کرلی ہیں۔ محکمہ کی ڈائرکٹر سشما گوڑبولے نے اخباری نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایاکہ 12تا 27مارچ ریاست کی 4526 پی یو کالجوں کے تقریباً6.11 لاکھ طلبا امتحان میں حصہ لیں گے، جن میں 4.97لاکھ نئے طلبا ہوں گے، جبکہ 82ہزار طلبا دوبارہ امتحان دینے والے ہیں ،اور 32ہزار پرائیویٹ طلبا شامل ہیں۔ انہوں نے بتایاکہ امتحانات میں حصہ لینے والے طلبا اور طالبات کی تعداد برابر ہے۔ طلبا کی تعداد تین لاکھ ہے تو طالبات کی تعداد 3.1لاکھ ہے۔ان کے مطابق ریاست کے 1017 امتحانی مراکز میں امتحانات منعقد ہوں گے، جس کی نگرانی کیلئے 5546افراد پر مشتمل عملے کو تعینات کیا گیا ہے۔ امتحانی مرکز میں ہر کمرہ کی نگرانی کیلئے بھی افسران کو تعینات کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایاکہ متعلقہ اضلاع میں ڈپٹی کمشنرز کو پر امن طریقے سے امتحانات کے انعقاد کی ذمہ داری سونپی گئی ہے ۔انہوں نے طلبا سے گذارش کی کہ وہ پڑھائی کرکے محنت سے امتحانات لکھیں اور کسی بھی افواہ پر کان نہ دھریں۔انہوں نے بتایاکہ طلبا اور والدین کی سہولت کیلئے محکمہ نے7 مارچ بروز ہفتہ خصوصی ہیلپ لائن شروع کرنے کا فیصلہ لیا ہے۔ جس کے نمبرس080-23468740 اور 23468741 ہوں گے۔