بھٹکل میں دو دن سے زبردست بارش ؛ عام زندگی مفلوج
11:46AM Thu 13 Jun, 2013
بھٹکل میں دو دن سے زبردست بارش ؛ عام زندگی مفلوج
بھٹکلیس نیوز / 13 جون، 13
بھٹکل / بھٹکل میں دو تین دن سے موسلا دھار بارش کی وجہ سے عام زندگی مفلوج ہوکر رہ گئی ہے ۔ مسلسل بارش کی وجہ سے راستے اور نالے بھر گئے ہیں جس کی بناء پر پانی گھروں کے اندر داخل ہورہا ہے ۔ بارش کی وجہ سے راہگیروں اور کالج و اسکول جانے والے طلبہ کو بھی تکلیفات کا سامنا ہے ۔ بھٹکل میں پیر اور منگل کی درمیانی شب میں ہوئی بارش کی مقدار 180.6/ایم ایم ریکارڈ کی گئی ہے ۔ اور مجموعی طور پر بارش کی مقدار 682.00/ایم ایم ریکارڈ کی گئی ہے ۔ سابقہ سال کے 11/جون تک ہوئی بارش کے مقابلہ میں اس سال تقریباً 10/فیصد زیادہ بارش ہوئی ہے ۔
پہلے مرحلہ میں ہی ریکارڈ توڑ بارش کی وجہ سے کسان کی بھرپور تیاری نہ ہونے کی وجہ سےان کو پریشانیاں لاحق ہورہی ہیں ، اور وقت سے پہلے بارش ہونے کی وجہ سے کسانوں کے کھلے چہرے مرجھانے لگے ہیں ۔ مسلسل بارش کی وجہ سے یہاں رنگین کٹہ قومی شاہراہ ، شمس الدین سرکل ، مین روڈ ، حنیف آباد ، نیلیسر ، وی ٹی روڈ ، بینگرے ، بیلنی ، چوتنی ، منڈلی ، کوکتی نگراور دیگر دیہاتوں میں پانی جمع ہوا اور پانی کو گزرنے کی مناسب جگہ نہ رہنے کے سبب پانی گھروں ، مندروں اور دوکانوں سے راستہ بناتا چلا گیا ۔ اس کے علاوہ غوثیہ اسٹریٹ میں واقع پمپینگ سسٹم کے نزدیک ڈرینیج نظام میں خرابی ہونے کی وجہ سے گھٹر کا پانی کنویں میں مل گیا جس کی وجہ سے مقامی عوام نے اپنی ناراضگی ظاہر کی اور میونسپال چیف آفسر انوپما کو موقع واردات پر بلایا گیا ۔ یاد رہے کہ بھٹکل میں پنچایت اور میونسپال علاقوں میں ڈرینیج نظام صحیح نہ رہنے کی وجہ سے بارش کا پانی گھٹر کے پانی سے مل جاتا ہے اور یہی پانی راستوں سے گزر کر گھروں اور دوکانوں میں چلا جاتا ہے ۔