پاکستان کے سابق وزیر اعظم نواز شریف کو العزیزیہ ریفرنس میں سات سال کی سزا ، فلیگ شپ کیس میں بری

01:20PM Mon 24 Dec, 2018

پاکستان کے سابق وزیر اعظم نواز شریف کو العزیزیہ ملز کیس میں سات سال قید کی سزا سنائی گئی ہے ۔ تاہم انہیں ایک دوسرے معاملہ فلیگ شپ انویسٹمنٹ کیس میں بری کردیا گیا ہے ۔ سابق وزیر اعظم کو فیصلہ سنائے جانے کے بعد احتساب عدالت کے کمرہ میں ہی حراست میں لے گیا اور اب انہیں اڈیالہ جیل منتقل کیا جائےگا۔ پاکستانی میڈیا کی خبروں کے مطابق احتساب عدالت کے جج ارشد ملک نے ریفرنسز پر فیصلہ سنایا۔  نواز شریف فیصلہ سننے کے لیے خود بھی عدالت میں موجود تھے۔ عدالت نے اپنے فیصلہ میں کہا کہ فلیگ شپ ریفرنس میں کیس نہیں بنتا، اس لیے نواز شریف کو بری کیا جاتا ہے۔ تاہم عدالت نے کہا کہ العزیزیہ ریفرنس میں کافی ٹھوس ثبوت موجود ہیں، اس لئے انہیں  7 سال قید کی سزا سنائی جاتی ہے۔
 عدالتی فیصلے میں نواز شریف کی جائیداد بھی ضبط کرنے کا حکم دیا گیا، تاہم ابھی واضح نہیں ہوا کہ اس میں کونسی جائیداد شامل ہے۔علاوہ ازیں نواز شریف کے اوپر ڈھائی کروڑ ڈالر اور 15 لاکھ پاؤنڈ کے دو جرمانے بھی عائد کئے گئے ہیں ۔