بیف کھانا چھوڑ دیں تو ختم ہو سکتے ہیں ماب لنچنگ کے واقعات: اندریش کمار

12:18PM Tue 24 Jul, 2018

آر ایس ایس رہنما اندریش کمار کا کہنا ہے کہ اگر لوگ بیف کھانا چھوڑ دیں تو ماب لنچنگ جیسے واقعات ختم ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسے واقعات سے نمٹنے کے لئے لوگوں میں 'سنسکار' کا ہونا بڑا رول ادا کر سکتا ہے۔ آر ایس ایس کے لیڈر کا یہ بیان الور لنچنگ کے کچھ دن بعد آیا ہے۔ آر ایس ایس کے رہنما نے کہا، "ماب لنچنگ کو درست نہیں ٹھہرایا جا سکتا، لیکن اگر لوگ بیف کھانا چھوڑ دیں تو’ شیطانوں‘ کے ذریعہ کئے جانے والے اس طرح کے جرائم کو روکا جا سکتا ہے۔
اندریش کمار نے مزید کہا، 'کوئی بھی مذہب گائے کو مارنے کی اجازت نہیں دیتا ہے۔ چاہے وہ عیسائی مذہب ہو یا اسلام ۔عیسائی مذہب میں 'مقدس گائے' کی بات کہی گئی ہے اور اسلام کی بات کریں تو مکہ اور مدینہ میں آج بھی گایوں کو مارنے پر پابندی عائد ہے۔ اندریش کمار نے کہا کہ قانون کو اپنا کام کرنا چاہئے، لیکن اس مسئلہ سے نمٹنے کے لئے معاشرے میں بھی صحیح 'سنسکار' ہونا چاہئے۔