راہل گاندھی کا طنز"سہراب الدین اورجج لویا کوکسی نے نہیں مارا، وہ خود مرگئے"۔
12:19PM Sun 23 Dec, 2018
Share:
سی بی آئی کی خصوصی عدالت کے ذریعہ سہراب الدین شیخ انکاونٹر معاملے میں 22 ملزمین کو رہا کئے جانے کے بعد کانگریس صدرراہل گاندھی نے ہفتہ کو طنزکرتے ہوئے کہا کہ "اسے کسی نے نہیں مارا، وہ خود مرگیا"۔
راہل گاندھی نے سہراب الدین کے ساتھ ہی ہرین پانڈیا، کوثربی اورجسٹس لویا کی موت کا بھی ذکرکیا اورکہا کہ "وہ اپنے آپ مرگئے"۔ کانگریس صدرنے ٹوئٹرپرکہا کہ "کسی کا قتل نہیں ہوا... ہرین پانڈیا، تلسی رام پرجاپتی۔ جسٹس لویا، پرکاش تھومبرے، شری کانت کھنڈالکر، کوثربی، سہراب الدین شیخ... یہ اپنےآپ مرگئے"۔
غورطلب ہے کہ سی بی آئی کی ایک خصوصی عدالت نے سہراب الدین شیخ اوراس کی بیوی کوثربی اوراس کے معاون تلسی پرجاپتی کے مبینہ فرضی انکاونٹرمیں قتل کے معاملے میں 22 ملزمین کو ثبوتوں کے فقدان کی بنیاد پرجمعہ کو بری کردیا تھا۔
اسی ماہ ریٹائرہورہے جج شرما نے اپنے فیصلے میں کہا "یہ میرا آخری فیصلہ ہے...یہ بدقسمتی ہے کہ (متاثرین کے) ایک خاندان نے ایک بیٹا، بھائی گنوا دیا... لیکن یہ ثابت کرنے کے لئے ثبوت کافی نہیں ہیں کہ یہ ملزم جرم میں شامل تھے"۔ جج نے کہا کہ انہیں سہراب الدین شیخ اورپرجاپتی کے اہل خانہ کے لئے افسوس ہے، کیونکہ تین لوگوں کی جان چلی گئی، لیکن انتظامیہ کا مطالبہ ہے کہ عدالت صرف ثبوتوں کی بنیاد پرچلتی ہے۔