سعودی عرب میں آئندہ ماہ اولین فیشن ویک کا انعقاد کیا جائے گا

12:58PM Tue 20 Feb, 2018

لندن۔ سعودی عرب میں آئندہ ماہ اولین فیشن ویک منعقد کیا جائے گا جس میں نہ صرف عالمی بلکہ مقامی فیشن ڈیزائنرکی ملبوسات بھی پیش کی جائیں گی۔ یہ اعلان عرب فیشن کونسل (اے ایف سی) نےکیا ہے۔ آئندہ ماہ 26 سے 31 مارچ ریاض میں اس پہلے فیشن ویک کا اہتمام ایپیکس سینٹر میں کیا جارہا ہے۔ عرب فیشن کونسل کی صدر پرنس نورا بنت فیصل نے یہاں صحافیوں کو بتایا کہ انہیں سعودی حکام نے فیشن ویک کرنے کی اجازت دے دی ہے اور انہیں تحریری اجازت نامہ بھی موصول ہوچکا ہے۔ یہ اطلاع عرب نیوز نے دی ہے۔ کونسل نے سعودی عرب میں اسی سال اکتوبر میں دوسرا فیشن ویک بھی منعقد کرنے کا اعلان کیا ہے۔ واضح رہے کہ سعودی عرب میں گذشتہ ایک سال سے معاشرتی اصلاحاتی پروگرام جاری ہیں جن کے تحت اب تک وہاں پہلے خواتین کے میوزک کنسرٹ منعقد کیے جانے سمیت 35 برسوں بعد پہلی فلم کی بھی نمائش کردی گئی ہے۔ پروگرام ویژن2030 کے تحت شروع کردہ اصلاحاتی پروگرام کا مقصدعورتوں کو نہ صرف ثقافت، میوزک، کھیلوں، انفارمیشن ٹیکنالوجی و صنعتی شعبوں میں زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کرنا ہے بلکہ دیگر شعبوں میں بھی ان کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔ اسی پروگرام کے تحت دسمبر 2017 ریاض میں ’کنگ فہد کلچر سینٹر‘ میں پہلی بار خواتین کا میوزک کنسرٹ پروگرام منعقد کیا گیا تھاجس میں لبنانی گلوکارہ ببا توازی نے گلوکاری کے جوہر دکھائے۔ رواں ماہ کی 12 تاریخ کو سعودی راجدھانی میں ہی تھیٹر ڈرامے کے اندر پہلی بار ایک سعودی خاتون نے اداکاری بھی کی۔اس طرح تھیٹر ڈرامے میں نجات مفتاح نامی سعودی خاتون نے نئی تاریخ رقم کی تھی۔
 عرب فیشن کونسل کی سعودی عرب کی ڈائریکٹر لیلیٰ عیسیٰ ابوزید کا کہنا ہےکہ فیشن ویک منعقد کرنے کا مقصد مقامی سعودی خواتین کو فیشن کے شعبے میں آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنا اور انہیں نئے اسٹائل سے متعارف کرانا ہے۔